اسلام آباد:سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے آٹھ جج صاحبان کا فیصلہ آئین و قانون سے متصادم ہے، اگر وہ فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہوتا تو الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہی پیش نہ آتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےعرفان صدیقی نے کہاکہ حکومت عدلیہ سے کسی بھی معاملے پر محاذ آرائی کی خواہاں نہیں ہے تاہم آئین پاکستان کے تقدس کے تحفظ کی ذمہ داری پارلیمان پر ہے۔مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کے آٹھ معزز جج صاحبان کا فیصلہ آئین و قانون سے متصادم ہے، اگر وہ فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہوتا تو الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہی پیش نہ آتی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں پارلیمان پر لازم ہے کہ وہ آئین کا تحفظ یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ ترمیم کا اقدام آئین کی عزت و تکریم کے لیے ہے، آئین کی ماں ہونے کے ناطے پارلیمنٹ پر فرض ہے کہ وہ آئین پاکستان کا تحفظ کرے۔
الیکشن ایکٹ میں ترمیم آئین کی عزت و تکریم کے لیے کی گئی ، سینیٹر عرفان صدیقی








