اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد روکنے کیلئے حکومت نے ایک آئینی ،سیاسی اور پارلیمانی حکمت عملی کو کامیاب بناتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیمی کا بل اکثریت سے منظور کرالیااور ا ب صدرمملکت آصف زرداری کے دستخطوں کے بعدبل باضابطہ قانون کی شکل اختیارکرلے گا،قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پرائیویٹ بل کے طور پر اس قانون کوپاس کیاگیا،جس کے تحت یہ بل ماضی سے نافذالعمل ہوگااور کوئی بھی سیاسی جماعت جس نے بروقت مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہیں کرائی ہوگی وہ اس قانون کے تحت ان نشستوں کی حق دار نہیں ہوگی،قومی اسمبلی میں ن لیگ کے رہنما بلال اظہر کیانی اور سینیٹ میں سینیٹر طلال چوہدری نے یہ بل پیش کیے،قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن میں ہنگامہ آرائی کی تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ قانون پاس ہونے کے عمل میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے بھرپورحصہ لیاحالانکہ علی محمدخان اور صاحبزادہ صبغت اللہ نے بل میں ترامیم بھی پیش کیں جنہیں ایوان نے اکثریت سے مستردکردیااس طرح دیکھاجائے تو تحریک انصاف نے ایک طرح سے پارلیمنٹ کی بالادستی کے حکومتی موقف پر ہاں میں ہاں ملائی ہے،پی ٹی آئی کے بیرسٹرعلی محمدگوہرنے اپنی تقریر میں نئے قانون کو توہین عدالت قراردیااور یہ الزام عائد کیاکہ حکومت بارہ جولائی کے اکثریتی فیصلے پر عمل نہیں کرناچاہتی اسی لئے یہ ترامیم لائی گئی ہے،آج یوم سیاہ ہے اور اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیاجائے گاجب سپریم کورٹ کے دوججزجسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس امین الدین کے اختلافی نوٹ میڈیاکو جاری کئے گئے ہیں جن یہ موقف سامنے آیاہیکہ پی ٹی آئی نے تو یہ نشستیں مانگی ہی نہیں تھیں اور پی ٹی آئی کو نشستیں دینے کیلئے ماورائے آئین فیصلہ کیاگیاکیونکہ آئین میں ترمیم کااختیارصرف پارلیمنٹ کے پاس ہے ،اب ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے اور تحریک انصاف نے دعویٰ کرناشروع کردیاہیکہ جونہی نئے قانون کو وہ چیلنج کریں گے تو عدالت اسے کالعدم قراردے دیگی کیونکہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمدروکنے کے لئے قانون سازی نہیں کی جاسکتی،آئین میں واضح طور پر لکھاہواہیکہ آئین بنانااور اس میں ترمیم کااختیار صرف عوام کے منتخب نمائندوں یعنی قومی اسمبلی اور سینٹ کے پاس ہے اور آئین میں ترمیم کے لئے دوتہائی اکثریت جب کہ ایکٹ کیلئے سادہ اکثریت کی حمایت ضروری ہوتی ہے،پارلیمنٹ اور عدلیہ کے درمیان ماضی میں بھی کشیدگی موجود رہی بدقسمتی سے ماضی میں نظریہ ضرورت چلتارہااور عدلیہ نے فوجی آمروں کے خلاف فیصلے نہیں دیئے بلکہ جب نوازشریف کا تختہ الٹاگیاتو اس وقت کے چیف جسٹس ارشادحسن خان مرحوم نے نہ صرف پرویزمشرف کے مارشل لاء کو قانونی قراردیابلکہ فوجی آمرکو آئین میں ترامیم کا بھی اختیاردیاگیا جنرل ضیاء الحق بھی آئین کو کاغذکاٹکڑاقراردیتے رہے اور اپنی مرضی کی ترامیم کیں کسی جج میں جرات پیدانہیں ہوئی تھی کہ فوجی آمروں کو اقتدار سے باہر نکالنے کا حکم جاری کریں لیکن توہین عدالت اور کرپشن کے مبینہ الزامات پر پہلے یوسف رضاگیلانی کوچیف جسٹس (ر)افتخار چوہدری نے تیس سیکنڈکی سزادے کر پانچ سال کے لئے نااہل کیا،پانامہ کیس میں بیٹے سے تنخوا ہ نہ لینے پر نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دیاگیا آج نوازشریف دوبارہ اپنی پارٹی کے صدر اورقومی اسمبلی کے ممبرہیں جب یوسف رضاگیلانی چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر فائزہیں،جسٹس(ر)افتخارمحمدچوہدری اور چیف جسٹس(ر) ثاقب نثار کو تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں کیاجاتا فرض کریں موجودہ سپریم کورٹ بھی الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم کوکالعدم قراردیتی ہے تو پارلیمنٹ کو چاہئے کہ باربار اس قانون کو پاس کرے ،سپریم کورٹ کے اکثریتی ججزمخصوص نشستیں پی ٹی آئی کے بجائے سنی اتحاد کونسل کو دے دیتے توشاہدانہیں اتنی تنقیدکاسامنا نہ کرناپڑتا۔
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل: PTIکی امیدوں پرپانی








