اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، معاہدے کے مطابق عوام کو ریلیف نہ ملا تو 45 دنوں سے قبل عوامی قافلہ اسلام آباد کا رخ کر لے گا۔
دھرنے کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، اسی کے سامنے جھکتے ہیں اور اسی سے مدد طلب کرتے ہیں، اس کی مدد اور اعانت کے نتیجے میں ہم نے ایک طویل جدوجہد کی، استقامت کا مظاہرہ کیا، بچیاں، بیٹیاں روزانہ دھرنے میں شرکت کرتی رہیں۔ ہمارے نوجوان ہر جگہ سے دھرنا گاہ پہنچتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی انتخاب کی بات نہیں تھی، کوئی زندہ آباد، مردہ آباد کی بات نہیں تھی، پارٹی کا ذاتی کوئی مسئلہ بھی نہیں تھا، جماعت اسلامی کو کچھ نہیں چاہیے تھا، حافظ نعیم کو اپنی ذات کے لیے کچھ نہیں چاہیے تھا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دھرنا کے پرعزم لوگوں کا یہی مطالبہ تھا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے، صرف ایک ہی مطالبہ تھا کہ اس ظالم حکمران طبقہ نے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، بجلی کے بل نہیں عوام پر بم گراتے ہو، تنخوا دار طبقے پر ٹیکس لگاتے ہو اور جاگیرداروں کو رعایت دیتے ہو۔
انہوں نےکہا کہ طاقت ور لوگوں کی مراعات ہوتی ہیں اور غریب، مڈل کلاس یا صاحب ثروت لوگ بھی اب اس قابل نہیں رہے کہ وہ اپنی زندگی کی گاڑی چلا سکیں، اپنا کوئی کاروبار کر سکیں، تجارت کو آگے بڑھا سکیں۔ صنعتوں کا پہیہ چلا سکیں، ان کی چمنیوں سے بھی دھواں اٹھ سکے، یہ سارے کے سارے لوگ بے بس اور بے کس نظر آ رہے تھے اور افسوس کی بات یہ تھی کہ ان کی کوئی آواز بننے کو تیار نہیں تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پرامن دھرنے اور احتجاج نے تاریخ میں یہ لکھ دیا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور پرامن طریقے سے ہی اپنے مطالبات بھی منوائیں گے، آپ کا دھرنا کامیاب ترین دھرنا رہا ہے اور آپ نے حکمرانوں کو بالآخر مجبور کیا کہ انہوں نے آپ سے ایک تحریری معاہدہ کیا ہے، اس تحریری معاہدے میں بجلی کے بل کم کرنے کی بات ہے، تنخوا دار طبقے پر جو اضافی ٹیکس لگائے گئے ہیں ان کے خاتمے کی بات ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے اس نوٹیفکیشن کو بھی معاہدے کا حصہ بنا دیا ہے جو آئی پی پیز سے متعلق ہے، دھرنے سے پہلے وزرا کے بیانات سن لیجئے کہ آئی پی پیز کا مسئلہ ضرور ہے لیکن ہم ان کو ہاتھ نہیں لگا سکتے، ان کی جانچ پڑتال نہیں کر سکتے، ان کے معاہدے بہت بڑے بڑے ہیں، یہ لوگ بین الاقوامی عدالتوں میں چلے جائیں گے۔
جماعت اسلامی کا دھرنا شروع ہوا تو آئی پی پیز سے متعلق وزرا کے بیانات تبدیل ہونا شروع ہو ئے، انہوں نے سوچا کہ ہم یہاں سے چلے جائیں گے لیکن مبارک باد دیتا ہوں دھرنا کے شرکا کو جو استقامت کا کوہ گراں بنے رہے اور بالآخر ان کی مذاکراتی ٹیم نے پہلے تسلیم کیا کہ یہ آئی پی پیز ہمارے لیے تباہ کن ہیں اور پھر یہ تسلیم کیا کہ ان کی چانچ پڑتال ہونی چاہیے، پھر یہ سوچ رہے تھے کہ زبانی جمع خرچ ہوگا، باتیں کریں گے، وعدے کریں گے اور یہ لوگ دھرنا اٹھا کر چلے جائیں گے لیکن ہم نے کہا کہ جب تک تحریری ضمانت نہیں دو گا ہمارا دھرنا بھی چلتا رہے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور انہوں نے آپ سے جو معاہدہ کیا وہ باقاعدہ ایک معاہدہ ہے، حکومت کے وزرا کے دستخط اس پر موجود ہیں اور اس میں یہ بات لکھ دی گئی ہے کہ یہ جو آئی پی پیز ہیں ان کی تفصیلی جانچ پڑتال ہو گی، فورنزک آڈٹ ہو گا جس کا مطلب ہر چیز کا پتا چلایا جائے گا، معاہدے ہوئے کیسے، کس نے کیے؟ 1994 سے یہ دھندہ چل رہا ہے، پیپلز پارٹی کے زمانے سے یہ دھندا شروع ہوا، ق لیگ اور مشرف کے زمانے میں داخل ہوا، اس کے بعد ن لیگ کے پاس اور آخر میں پاکستان تحریک انصاف بھی ان معاہدوں کو آگے بڑھانے میں معاون اور مدد گار ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ پارٹیاں اس میں کیوں شامل ہوتی ہیں؟ یا تو ان پارٹیوں کا ان میں حصہ شامل ہوتا ہے یا پارٹی کے لوگوں کا حصہ ہوتا ہے جو اپنی دولت اور طاقت کی بنیاد پر، جاگیر کی بنیاد پر شامل ہوتے ہیں اور پارٹی پر اثر انداز ہو کر اپنی مرضی کے معاہدے کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار کا یہی ایک میوزیکل چیئر کا کھیل چل رہا ہے، عوام کو لوٹا جا رہا ہے، ہر حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کرتی رہی، آج پوچھنا چاہا رہا ہوں کہ آئی ایم ایف نے غریب عوام پر ٹیکس لگانے کی تو بات کی لیکن اس نے ان آئی پی پیز کے معاہدوں کے بارے میں کیوں نہیں پوچھا۔ اس حوالے سے اپنی شرائط کیوں نہیں عائد کیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ان 30 سالوں میں آئی ایم ایف کے کتنے پروگرام چلے، کتنے معاہدے ہوئے اس دوران آئی پی پیز کے ذریعہ لوٹ مار کا بازار گرم رہا، پوچھنا چاہتا ہوں آئی پی پیز کے یہ معاہدے آئی ایم ایف کے سامنے کیوں نہیں لائے گئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ برملا کہتا ہوں کہ آئی ایم ایف ہو یا پاکستان کا حکمران طبقہ، دونوں ہی مل کر پاکستان کو برباد کرتے ہیں، دونوں ہماری معیشت کو برباد کرتے ہیں، اسے گروی رکھتے ہیں، پہلے مرحلے میں بجلی کے بلوں کی بات کی ہے۔ آئی پی پیز کو لگام کی بات کی ہے، جاگیرداروں کے خلاف بات کی ہے، حکومت کو 45 دنوں کی مہلت دی ہے اور معاہدہ کیا ہے اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو اعلان کرتا ہوں کہ 45 دنوں سے قبل اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
معاہدہ شروع ہو چکا، عوام کو ریلیف نہ ملا تو 45 دنوں سے قبل اسلام آباد کا رخ کریں گے، امیر جماعت اسلامی








