بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کے لوگ حوالے کردیں، بات ختم ہوجائے گی، آصف درانی

افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے آصف درانی نے کہاہے کہ وہ افغان حکمرانوں کو افغانستان کے شدت پسندوں کی پراکسی جنگ کا محور بننے کے بارے میں خدشات سے آگاہ کرتے رہتے ہیں , اگر طالبان اپنے ملک میں موجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے افراد کو اسلام آباد کے حوالے کر دیں تو مسئلہ ختم ہو جائے گا۔
ایک انٹرویو میں سینئر سفارت کار آصف درانی کا کہنا تھا کہ ’افغانستان میں جو (ٹی ٹی پی کے) لوگ رہ رہے ہیں انہیں ان کے خلاف اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ ان کو ہمارے حوالے کر دیں، بات ختم ہو جائے گی۔‘
 اس سوال کے جواب میں کہ حکومت پاکستان افغانستان پر الزام عائد کرتی ہے کہ ٹی ٹی پی ملک میں تمام حملے وہاں سے کرتی ہے؟ آصف درانی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے یہ ہرگز نہیں کہا کہ تمام حملے وہاں سے ہوتے ہیں۔ ’ہاں ہم تو افغان عبوری حکومت کو ان حملوں کے بارے میں، جن میں افغان باشندے شامل ہوں یاد دلاتے ہیں، ان کی وہاں پناہ گاہیں ہیں، جو اسلحہ وہ لے کر پھر رہے ہیں۔ خود افغانستان کے اندر افغان اسلحہ لے کر نہیں چل سکتے لیکن ٹی ٹی پی والے لے کر پھر رہے ہیں تو اس سے شکوک پیدا ہوتے ہیں کہ افغان عبوری حکومت کیا کرنا چاہتی ہے۔‘
 آصف درانی افغان عبوری حکومت کے ساتھ تعلقات میں ٹی ٹی پی کی وجہ سے کشیدگی کو تناؤ نہیں مانتے، البتہ کہتے ہیں کہ بہرحال ایک عمل ہے جو ان کے ساتھ جاری ہے۔ ’ہمیں امید ہے اور ان کی جانب سے بھی یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں تو ان پر عمل درآمد ہوگا۔‘
طالبان کی دوسری حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر آصف درانی نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان کے ساتھ ہمارا تاریخی رشتہ ہے اور وہ چل رہا ہے، چاہے کوئی بھی حکومت آجائے۔ اب طالبان کی حکومت آگئی ہے تین سال پورے ہوگئے ہیں۔ انہیں مبارک باد دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ وطن میں امن اور یگانگی اور لوگوں کے حقوق کو پورا کریں گے۔‘
 حقوق کی مزید وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں چاہے مذہبی یا نسلی اقلیتوں کے حقوق ہوں یا خواتین کے تعلیم اور ملازمت کے۔ ’اس مسئلے پر پاکستان نہ صرف اپنی سطح پر بلکہ او آئی سی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اتفاق رائے کا حصہ ہے۔‘
  انہوں نے جنگ سے تباہ حال ہمسایہ ملک میں تین سال سے قیام امن کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیا۔ ’وہاں ماضی کے مقابلے میں امن ہے۔ اگرچہ ٹی ٹی پی ہمارے لیے ایک وجہ تشویش ہے لیکن اگر مجموعی طور پر دیکھیں گے تو افغانستان کا امن ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔ اس حد تک تو اس پر اطمینان ہونا چاہیے۔ بہتری کی گنجائش تاہم ہر وقت رہتی ہے۔‘
  اس سوال کے جواب میں کہ افغان عبوری حکومت ٹی ٹی پی سے خود نمٹنا نہیں چاہتی یا اس کی صلاحیت نہیں رکھتی؟ آصف درانی کا کہنا تھا کہ یہ سوال تو بہتر ہوگا کہ ان سے پوچھا جائے۔ ’اگر وہ اپنے آپ کو عبوری حکومت سمجھتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ بااقتدار ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا کنٹرول ہے تو یہ کنٹرول ٹی ٹی پی پر بھی اتنا ہی ہونا چاہیے۔‘
    ٹی ٹی پے کے حل کی کنجی کس کے پاس ہے؟ اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر سٹیٹ کرافٹ کی بات کرنی ہے تو اس معاملے کو پھر اسی طرح لینا ہوگا۔ ’پشتون ولی یا تربور ولی کی طرح لیں گے تو پھر سٹیٹ کرافٹ نہیں چلتا اور اس کی مثال وہ خود ہیں، جنہوں نے ملک کو تباہ کر رکھا ہے۔ افغانستان کے اندر اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھی قیام امن کے لیے سنجیدہ کوشش کرنا ہو گی۔‘
   تاریخی طور پر کابل میں پاکستان نواز حکومت ممکن نہیں، کیا یہ بات یہاں اب سمجھ آگئی ہے؟ اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ کون لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ پاکستان نواز حکومت ہونی چاہیے۔ ’افغانستان ایک خودمختار ملک ہے، ہمارے لیے جو پچھلے 45 سال میں ہوا ہے وہ وہاں کی بدامنی تھی۔ پہلے سوویت مداخلت کے بعد مجاہدین کا کشت خون ہوا، پھر 20 سالہ جمہوری دور تھا جو پیراشوٹ جمہوریت تھی، جس میں کرزئی اور اشرف غنی کو لایا گیا جنہوں نے دو لوگوں کا دفتر کبھی نہیں چلایا تھا وہ ڈیموکریٹ بن گئے۔ پھر طالبان آگئے۔