بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوازشریف کے زیادہ قریب کون؟لیگی رہنمائوں میں تکرار

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ہائوسنگ اور تعمیرات کے اجلاس میں وفاقی وزیر ہائوسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ اور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ کے درمیان دلچسپ جملے بازی ہوئی اور دونوں ہی اس بات کا دعویٰ کرتے رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف کے زیادہ قریب کون ہے ؟وفاقی وزیر کا یہ موقف تھا کہ وزارت سے متعلق امور کے وہ ذمہ دار ہیں ، کرپشن کے خاتمے کےلئے عملی اقدامات کئے ، اپنے گھر سے کھاتے ہیں جبکہ ناصر بٹ کی یہ رائے تھی کہ ن لیگ کے صدر نوازشریف ان کے قائد ہیں اور نوازشریف کی واضح ہدایات ہیں کہ کرپشن کے خاتمے کےلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور کرپشن کے خاتمے کےلئے جو افسران عملی اقدامات نہیں کریں گے وہ بیشک اپنا تبادلہ وزارت سے کہیں اور کرالیں ، کمیٹی کےا جلاس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کا بھی دونوں نے تذکرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی کااجلاس سینیٹر ناصر بٹ کی زیرصدارت ہوا جس میں وزارت کے امور سے پر بریفنگ دی گئی تاہم اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب ن لیگ کے دونوں رہنمائوں نے الگ الگ یہ دعویٰ کیا کہ نوازشریف وہ کتنے قریب ہیں ،ناصر بٹ کی باتیں سننے کے بعد وفاقی وزیر ریارض پیرزادہ نے کہا کہ وہ 1985سے اسمبلی میں آرہے ہیں اور مختلف ادوار میں کئی سیاسی جماعتوں میں رہا ہوں ۔ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ وزیر رہ چکا ہوا، نوازشریف سے پرانا اور دیرینہ تعلق ہے وہ میرے قائد ہیں جس پر ناصر بٹ نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ نوازشریف ہم دونوں کے قائد ہیں ،میرا اس میں کوئی قصور نہیں کہ میں آپ سے 20سال بعد پیدا ہوا ، آپ سینئر سیاستدان ہیں اور میں آپ کا بہت احترام کرتا ہوں ،بطور کمیٹی چیئرمین اپنی ذمہ داریاں آئین ،قانون اور ضابطے کے مطابق ادا کروں گا ، میری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل حل ہوں اور نہیں ریلیف ملے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں تک افسران سے متعلق کمیٹی چیئرمین نے رائے دی ہے اگر انہیں کسی افسر سے شکایت ہو تو وہ لکھ کر بجھوائیں وزارت کے افسران کے تقرروتبادلوں کا اختیار کسی اور کے پاس نہیں بلکہ میرے پاس ہے ۔ کمیٹی اجلاس میں یہ انکشاف ہوا کہ مری میں پی ڈبلیو ڈی کی 26کنال اراضی پر پنجاب حکومت اور ایک نائب قاصد نے الگ الگ قبضہ کر رکھا ہے جس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے ، کمیٹی نے وزارت کے حکام کو ہدایت کی کہ یہ قبضہ فوری طور پر ختم کرانے کےلئے اقدامات کئے جائیں اور عدالت میں ٹھوس شواہد اور ثبوت پیش کئے جائیں ۔ حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے ، مری کی یہ قیمتی اراضی ہے جس پر قبضہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت ہائوسنگ میں کرپشن ختم کی گئی ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی ایک کرپٹ ادارہ تھا جسے وزیراعظم نے ختم کردیا ہے ، وزارت کے حکام نے بتایا کہ جی تیرہ کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی کےلئے اشتہارات کی مد میں 2کروڑ روپے لاگت آئی مگر کسی بھی پارٹی نے نیلامی میں حصہ نہیں لیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں تو اتنا علم نہیں رکھتا، زمیندار آدمی ہوں ، وزارت کے افسران کو بتائیں ان پر عمل کروں گا ۔وزارت کے جتنے بھی پراجیکٹس ہیں تمام کی انکوائری کرانے کےلئے نیب کے ایک ڈائریکٹر کی خدمات حاصل کر رہے ہیں اور اس ضمن میں چیئرمین نیب سے ملاقات بھی ہوئی ہے ۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ہم اپنی تجاویز دیتے رہیں گے ان پر عمل کوئی نہیں کرتا تو ان کی مرضی جیسے پی ڈبلیو ڈی کو بند کیا گیا وزارت ہائوسنگ کو بھی بند کردیں تو ٹھیک ہے ، سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سابق وزیرہائوسنگ طارق بشیر چیمہ پر بعض الزامات بھی لگائے اور کہا کہ وہ کبھی کمیٹی اجلاس میں شرکت کےلئے نہیں آتے تھے ۔