اسلام آباد(طارق محمودسمیر)لیفٹیننٹ جنرل ر فیض حمیدکے بعد ان کے مزید تین خاص ساتھیوں کو بھی فوج نے تحویل میں لے لیاہے اور آئی ایس پی آرکے اعلامیہ میں بتایاگیاہے کہ ان تینوں ریٹائرڈ فوجی افسران کو لیفٹیننٹ جنرل ر فیض حمیدکے کورٹ مارشلکے سلسلے میں حراست میں لیاگیاہے اور انہوں نے آرمی ایکٹ اور فوج کے نظم وضبط کی خلاف ورزی کی اور آئندہ چندروز میں مزیدگرفتاریاں متوقع ہیں،چکوال سے تعلق رکھنے والے دو ریٹائرڈبریگیڈیئرزغفار اور نعیم کے علاوہ ایک ریٹائرڈ کرنل عاصم بھی شامل ہیں ،جب سے فیض حمید کی گرفتاری ہوئی ہے تحریک انصاف کے علاوہ اداروں میں بیٹھے ہوئے ان کے حامیوں کو ایک پیغام چلاگیاہے کہ نومئی کے واقعات ،سہولت کار ی میں جو بھی ملوث ہوگافوج کی قیادت کسی کو بھی رعایت دینے کو تیارنہیں ہے اور نہ ہی رعایت ملے گی ،فیض حمید اور ان کے نیٹ ورک کے باریمیں جو شواہد اب تک سامنے آئے ہیں ان سے واضح ہورہاہے کہ نومئی اور اس کے بعد تحریک انصاف نے فوج کے خلاف جوپروپیگنڈا مہم چلائی اس میں فیض حمیداور ان کے ریٹائرڈ فوجی ساتھیوں کی معاونت اور گائیڈلائن پوری طرح شامل تھی اور پاکستان کا دشمن ہمیشہ یہ کوشش اور خواہش کرتارہاہے کہ فوج جیسے ادارے کو کمزور اور متنازع بنایاجائے جب تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیبعد عمران خان نے سابق فوجی سربراہ اور فوج کے بارے میں جو لب و لہجہ استعمال کیااور سیاسی مقاصد کے لئے جو بیانیہ بنایاگیا اس پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں اور’’را‘‘کے ایک افیسرگورپ آریا جو سوشل میڈیاپر بہت متحرک ہیں اس نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاتھا کہ نومئی کو جوکچھ ہواایسابھارت لاکھوں ڈالرخرچ کرکے بھی نہیں کرسکتاتھااور یہ کام عمران خان نے بھی کردیا،جہاں تک سانحہ نومئی میں فوج کے افسران کے مبینہ طور پر ملوث ہونے اور غفلت برتنے کے پہلوکاتعلق ہے تو فوج کی قیادت نے کسی بھی رعایت نہیں دی ،سینئر افسران ریٹائرکردیئے گئے اور ان کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیاگیا لیکن سول سسٹم میں وہ کامیابی ابھی تک نہیں ملی جس کی توقع کی جارہی تھی تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں کے مقدمات کا فیصلہ نہیں ہوا یہاں کے جج برطانوی عدالتوں سے ہی کوئی سبق حاصل کرلیں جنہوں نے حال ہی میں پرتشدد واقعات میں ملوث لوگوں کو فوری سزائیں دیں،فیض حمیدہوں یانومئی کامعاملہ اب یہ فیصلہ کن منطقی انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں، فیض حمید نے جوطالبان سے ڈیل کی تھی اس کے منفی اثرات پوری قوم بھگت رہی ہے،دوسری جانب عمران خان نے فیض حمیدکو قیمتی اثاثہ قراردے دیاہے اور انہیں ایساہی کہناچاہئے تھاکیونکہ اسی قیمتی اثاثے کی کوششوں کی وجہ سے عمران خان کو اقتدار ملا ،ایک زمانے میں اسی طرح کاایک اثاثہ آئی ایس آئی کے ایک اور سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ر حمیدگل مرحوم ہواکرتے تھے جنہوں نے بے نظیرحکومت کیخلاف سازش کی ،آئی جے آئی بنوائی ،1990 میں نوازشریف کو اقتدار میں لانے میں اپناکردار اداکیاتاہم نوازشریف نے اس اثاثے کو اپنابوجھ نہیں بنایااور بڑی خوبصورتی سے اثاثے سے لاتعلقی ظاہرکرکے1993میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا کا نعرہ لگایاتو وہ عوامی لیڈربن گئے لیکن عمران خان اب بھی فیض حمیدکواپنااثاثہ قراردے کرایک طرف فیض حمیدکے لئے مشکلات پیداکررہے ہیں تو دوسری طر ف حکومت کے اس موقف کو تقویت دے رہے ہیں کہ نومئی فیض حمید اور عمران خان کے گٹھ جوڑ کانتیجہ ہے۔علاوہ ازیں سابق آرمی چیف جنرل ر قمرجاویدباجوہ کے معاملے پر وزیردفاع خواجہ آصف نے ایک بڑا انکشاف کردیاکہ جب انہیں ایکسٹینشن نہ دینے کا فیصلہ ہوا تو انہوں نے پی ڈی ایم دورحکومت میں مارشل لاء لگانے کی دھمکی دی اوراس کے بہت سے لوگ عینی شاہدہیں،خواجہ آصف کی یہ بات کافی حد تک درست معلوم ہوتی ہے کیونکہ نومبر2022 میں جب نئے آرمی چیف کی تقرری کامرحلہ آیاتو جنرل باجوہ نے بہت سازشیں کیں ،نوازشریف کے پاس لندن میں سپیکر پنجا ب اسمبلی ملک احمد خان اور شاہدخاقان عباسی کو بھجوایانوازشریف نے صاف انکارکردیا،ایک رہنمانے کہاکہ کہیں ایسانہ ہوجائے کہ جنرل ر باجوہ مارشل لالگادیں تو نوازشریف نے کہاکہ ایساممکن نہیں،اسی عرصے میں دو درجن سے زائداعلیٰ فوجی افسران بھی سابق آرمی چیف سے ملاقات کے لئے گئے اورانہیں کہ وہ ایکسٹینشن لینے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ جائیں اور مارشل لالگانے کی کوشش کریں ،میری مصدقہ معلومات کیمطابق وزیراعظم شہبازشریف جب اس وقت لندن سے جنرل عاصم منیرکو آرمی چیف بنانے کی نوازشریف سے حتمی ہدایات لے کر واپس لاہورپہنچے تو ایک حکمت عملی کے تحت وہ بیمارہوگئے اور یہ خبر جاری کرائی گئی کہ کوروناکاشکارہوگئے ہیں تاکہ جنرل باجوہ ان سے ملاقات نہ کرسکیں اور دباؤ نہ ڈالیں،سپیکرملک احمدجنہیں جنرل باجوہ اپنامنہ بولا بیٹاکہاکرتے تھے وزیردفاع کے بعض بیانات کو غلط قراردے کر سابق آرمی چیف کے دفاع میں میدان میں نکل آئے ہیں اور ذرائع کا کہناہے کہ سابق آرمی چیف نے ملک احمد خان سے رابطہ کرکے استدعاکی کہ خواجہ آصف کے بعض بیانات بہت غلط اور حقائق کے منافی ہیں لہذا وہ اس حوالے سے وضاحتی بیان دیں اسی لیے ملک احمد نے یہ بیان دیاہے۔








