اسلام آباد(طارق محمودسمیر) پاکستان اور روس کے درمیان حالیہ عرصے میں رابطوں میں تیزی آئی ہے،خاص طور پر روسی عہدیداروں کی طرف سے پے درپے پاکستان کے دوریاس بات کا مظہرہیں کہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کانیادورشروع کرنے میں سنجیدہ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمان روابط بھی فروغ پارہے ہیں ، روس کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا میتوی ینکو نے اپنے حالیہ دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی اور سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق سے ملاقاتیں کیں جن میں پارلیمانی رابطوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا، روسی سپیکرنے سینیٹ آ ف پاکستان سے خطاب بھی کیاجس میں انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھائے گا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور سفارت کاری شامل ہیں ، ویلنٹینا میتوی ینکو نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کی طویل تاریخ ہے دونوں ملکوں میں تعاون کی عظیم روایات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا گذشتہ سال پاکستان، روس تجارتی حجم میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے بہت سے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ مشکلات کے باوجود ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان روابط موجود رہے، یہ دورہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دعوت پر ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور پارلیمانی تعلقات کے حوالے سے ایک اہم موقع ہے،واضح رہے کہ روسی سپیکرکی سربراہی میں پچاس رکنی وفدپاکستان پہنچاجس میں دس ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں جب کہ روسی سپیکر کے لیے وزیراعظم کی خصوصی اجازت سے کابینہ ڈویعن کی طرف سے تاریخی لیموزین گاڑی فراہم کی گئی جو عام طور پر سربراہان مملکت یا حکومت کے دورہ پاکستان پر استعمال کی جاتی ہے، اس سے پہلے روسی وزیراعظم میخائل ولادی میرووچ مشہوسٹن 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ایک بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔ ایس سی او اجلاس میں روسی فیڈریشن کے ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچک بھی شریک ہوئے تھے۔ اپنے دورے کے دوران روسی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی اہم ملاقات کی تھی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف آج 29 سے 30 اکتوبر 2024 تک ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے آٹھویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے،صحرا میں ڈیووس کے نام سے جانا جانے والا ایف آئی آئی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عالمی رہنما، چیف ایگزیکٹیوز اور پالیسی ساز صنعتوں، گورننس اور انسانیت کے مستقبل کی تشکیل کے لیے اکھٹے ہوتے ہیں۔ ایف آئی آئی کانفرنس کا آغاز کل 29 سے ریاض میں ہونے جا رہا ہے جو31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ممالک کے لیے اپنی معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس سال کے ایف آئی آئی کا تھیم انفینیٹ ہورائزنز: انویسٹنگ ٹوڈے، شیپنگ ٹومورو ہے اور جس میں عالمی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز رہے گی، اس کا مقصد مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، خلا، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور پائیداری جیسے اہم مسائل کو حل کرنا ہے۔ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت متوقع ہے۔ دونوں فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تلاش کریں گے۔ وزیر اعظم کی ایف آئی آئی آٹھویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقات کی توقع ہے،دریں اثناء پی ٹی آئی اِس وقت گروپ بندی کا شکار ہے سینئر رہنماؤں اور سیاستدانوں کے درمیان لڑائی نے پارٹی کو عملی طور پر قیادت سے محروم کردیا ، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے درمیان صلح کرا دی، فیصل چوہدری کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل کر لیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور فیصل چوہدری کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے رہے۔ بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری کو پارٹی پالیسی کے مطابق چلنے جبکہ سلمان اکرم راجہ کو بھی معاملات ٹھیک کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ فوادچوہدری بھی پارٹی میں واپسی کے لیے کوشاں ہیں جس سے پارٹی میں مزید دھڑے بندی کاخدشہ ہے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ فوادچوہدری نے پی ٹی آئی کا مذاق اڑایا ہے،ان کے واپس آنے کے حق میں نہیں ہوں۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سیگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُمیدہے کہ فل کورٹ ریفرنس میں26ویں آئینی ترمیم کا جائزہ لیا جائے گا،سینیٹ مکمل ہے نہ قومی اسمبلی، پارلیمان ترمیم لانے کا مجاز ہی نہیں تھا۔
وزیراعظم کادورہ سعودی عرب،مزیدسرمایہ کاری متوقع








