اسلام آباد(طارق محمود سمیر)قومی ایئر لائن جوگزشتہ چند سالوں سے اربوں روپے کے خسارے میں ہے ، نجکاری کی کوششیں کئی حکومتوں کے دور میں کی گئیں جوکامیاب نہ ہوسکیں لیکن موجودہ حکومت کے دور میں پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں سنگین غلطیاں اور صرف 10ارب روپے کی بولی لگوا کربھونڈا مذاق کیا گیا ، یہ اسی طرح کا مذاق ہے کہ 85ارب کم ازکم بولی کی قیمت مقرر کی گئی اور ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی بلیو ورلڈ کنسورشیم نے صرف 10ارب روپے کی پیشکش کی، جیسا کہ بعض مارکیٹوں اور بازاروں میں قالین اور دیگر اشیاء خریدنے کیلئے خریدار جاتے ہیں تو 10لاکھ روپے قالین کی قیمت مانگ کر اسے ایک ہزار روپے میں فروخت کردیا جاتا ہے۔پی آئی اے کی نجکاری کیلئے جس غیر ملکی کنسلٹنٹ کمپنی کی خدمات لی گئیں اس کی کارکردگی بھی سامنے آگئی ہے ، اس کمپنی کو قومی خزانے سے 70کروڑ روپے ادا کئے گئے اور بولی میں اس کنسورشیم کے علاوہ باقی نہ تو کوئی غیر ملکی اور نہ ہی پاکستانی کمپنی شریک ہوئی جس کی وجوہات کا پتہ چلانے کی ضرورت ہے ، نجکاری کمیشن نے وزیراعظم شہبازشریف کو بھی اندھیرے میں رکھا اور انہیں بھی صحیح حقائق نہیں بتائے گئے۔ بلیو ورلڈ سٹی کے حوالے سے 8فروری کے انتخابات سے قبل میڈیا میں تسلسل کے ساتھ یہ خبریں آتی رہیںکہ اس کے مالکان نے شہریوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کر رکھے ہیں اور راولپنڈی کے سی پی اوکارروائیاں کرتے رہے اور اس کے مالکان پولیس اور دیگر اہم شخصیات کے خلاف پریس کانفرنسزکرتے رہے اور بعض لوگ تو یہ بھی کہتے ہیں کہ ان کے خلاف قتل سمیت مختلف نوعیت کے 300مقدمات بھی درج ہیں لہٰذا پی آئی اے جیسے قومی ادارے کی نجکاری کیلئے نجکاری کمیشن نے کن بنیادوں پر اس کنسورشیم کو بولی میں شریک ہونے کی اجازت دی اور آخری اہم مرحلے کیلئے سلیکٹ کیا گیا ۔کیا بولی اوپن ہونے سے قبل اس کمپنی سے حکام نے یہ نہیں پوچھا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کتنی بولی دیں گے جو 85ارب کے قریب ہوگی ، اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وزیراعظم کو اس پر مکمل انکوائری کرانی چاہیے ۔ علاوہ ازیں عمران خان کی گرفتاری اور ان کے ساتھ جیل میں مبینہ ناروا سلوک پر امریکی کانگریس کے 62ارکان کے خط کے جواب میں حکمران اتحاد کے 160ارکان نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ کر جواب دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی کانگریس کے ارکان کا خط پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ، 9مئی جیسے واقعات میں عمران خان ملوث ہیں اور ان کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے امریکا کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی خراب ہوئے تھے جبکہ وہ جیل میں بدعنوانی کے مقدمات کی وجہ سے ہیں اور کیلیفورنیا کی ایک عدالت سے اپنی بیٹی کو تسلیم نہ کرنے پر ان کے خلاف پہلے ہی فیصلہ آ چکا ہے اور وہ عدالت سے مفرور ہیں ۔ جس طرح امریکی کانگریس کے خط کا کوئی اثر نہیں ہوگا اسی طرح حکمران اتحاد کے خط کا صرف میڈیا میں ہی تذکرہ ہوسکتا ہے ،امریکی حکومت اور امریکی کانگریس کے ارکان پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا ، یہ سلسلہ چلتا رہے گا لیکن سوچنے کی یہ بات ہے یہ وہی امریکا ہے جسے عمران خان 2022میں اپنی حکومت گرانے کا ذمہ دارقراردیتے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور پھر دھمکیوں پر اتر آئے ہیں اور وہ یہ کہتے ہیں کہ آخری جنگ لڑیں گے ، ایک دن وہ دھمکیاں دیتے ہیں اور پھر اگلے دن کسی خفیہ مقام پر پہنچ کر معاملات طے کرتے ہیں ، یہ دوہرا معیار کیوں اپنایا ہوا ہے ، عمران خان کو عوامی طاقت کے زور پر رہا کرانا ہے تو پھر محسن نقوی کی مدد سے مذاکرات نہ کیا کریں اور اگر مذاکرات کر کے اسٹیبلمشنٹ سے عمران خان کو رہا کرانا ہے تو پھر دھمکی آمیز بیانات نہ دیا کریں ،دونوں میں سے کسی ایک با ت پر عمل کریں ۔
پی آئی اے کی صرف10ارب بولی لگنا بھونڈا مذاق








