اسلام آباد(طارق محمود سمیر ) حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997میں مزید ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا جسے مزید غور کیلئے قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا
گیا ہے ، اس بل کے تحت سکیورٹی اداروںکو دہشت گردی یا دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شبے پر بھی گرفتار کر کے تین ماہ تک حراست میں رکھنے اور الزامات کی تحقیقات کیلئے مشترکہ جے آئی ٹی بنانے کی تجویز دی گئی ہے ،انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997سابق وزیراعظم نوازشریف کے دوسرے دور حکومت میں منظور کیا گیا تھا جب پاکستان میں فرقہ ورانہ دہشت گردی کا سنگین مسئلہ درپیش تھا اور پولیس جب بھی ایسے واقعات میں ملوث ملزموںکوگرفتار کرتی تھی تو عام سول عدالتوں سے انہیں بری کردیا جاتا تھا ، اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے یہ قانون بنایا گیا اور اس طرح کے مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھجوانے کا سلسلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے تاہم دہشت گردی کی لہر کو کنٹرول کرنے کیلئے اب قانون نافذکرنے والے اداروں نے یہ تجویز دی کہ عدالتی معاملات میں سست روی اور معمولی سے شک کی بنیاد پر عدالتوں کی طرف سے دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزموں کو رہا کرنے سے سکیورٹی فورسز کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں اس لئے حکومت نے نیا قانون بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے تحت دہشت گردی میں ملوث ہونے یا کسی پر شک ہونے کی بنیاد پر بھی سکیورٹی ادارے اسے گرفتار کر کے تین ماہ تک زیر حراست رکھ سکیں گے تاہم اس قانون میں پراسیکیوشن کے مسئلے کو نہیں دیکھا جارہا کیونکہ اصل مسئلہ دہشتگردوں یا خطرناک ملزموں کی گرفتاری سے زیادہ انہیں عدالتوں سے سزائیں دلوانے کا ہوتا ہے ، کمزور پراسیکیوشن اور عدالتی نظام میں خامیوں کے باعث ملزمان بری ہوجاتے ہیں ، اس وقت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے،انسانی حقوق کی تنظیمیں اس قانون پر تنقیدکر رہی ہیں اور یہ کہہ رہیں کہ اگر یہ نیا قانون پاس ہوگیا تو سکیورٹی ادارے کسی کو بھی دہشت گردی کے الزام میں گرفتارکر لیا کریں گے لہذا اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے حکومت کوآگے بڑھنا ہوگا اور اعتمادکی فضاء قائم کرنا ہوگی ۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17سے بڑھا کر 25کرنے کے بل کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون وانصاف نے منطوری دے دی ہے ، یہ بل چند ماہ قبل بلوچستان سے آزاد رکن عبدالقادر نے پیش کیا تھا ، قائمہ کمیٹی میں جے یو آئی اور تحریک انصاف نے بل کی مخالفت کی ، اس وقت سپریم کورٹ میں 60ہزار مقدمات زیر التوا ہیں اور وکلاء تنظیمیں کافی عرصے یہ مطالبہ کر رہی تھیں کہ ججز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ، اگر یہ قانون آئندہ ہفتے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرا لیاجاتا ہے تو چیف جسٹس سمیت ججز کی مجموعی تعداد25ہو جائیگی ، 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اب ججزکی تقرری کا اختیار جوڈیشل کمیشن کے پاس ہوگا اور پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کے ارکان کو بھی اس میں نمائندگی دی گئی ہے ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے چار ارکان کمیشن کے ممبر بنائے جارہے ہیں ، دو حکومت اور دو ارکان اپوزیشن سے ہوں گے ، ہمیں توقع رکھنی چاہیے جوڈیشل کمیشن میں نئے ججز کی تقرری میرٹ پرکی جائے گی اور ماضی کی طرح نامور وکلاء کے چیمبرز سے تعلق رکھنے والے وکلاء کو جج بنانے سے گریزکیا جائیگا ۔
ملزمان کوسزائیں نہ ملنادہشت گردی کی اصل وجہ








