اسلام آباد(طارق محمود سمیر)24نومبر کو اسلام آباد میں 14لاکھ سے زائدلوگوں کو لانے کے لیے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپورخاصے متحرک ہیں اور ٹارگٹ
پورا نہ کرنے والے ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماوں کو سخت وارننگ بھی دیدی گئی ہے جب کہ دوسری جانب حکومت نے بھی فائنل احتجاجی کال کو ناکام بنانے کی حکمت عملی طے کرناشروع کردی ہے،اس حکمت عملی کے تحت اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ کردیاگیاہے جب کہ وزارت داخلہ نے خیبرپختونخوا کے علاوہ پنجاب،آزادکشمیر،بلوچستان اور سندھ سے پولیس اور ایف سی کے ہزاروں کی تعداد میں دستے اور واٹرکینن گاڑیاں اسلام آبادمنگوانے کے لیے رابطے شروع کردیئے ہیں جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو کنٹینرز پکڑنے کا ٹارگٹ بھی دے دیاگیاہے،تحریک انصاف اسلام آباد پر چاروں اطراف سے یلغارکرنے یاداخل ہونے کے اعلانات کررہی ہے اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرزلگانے اور بالخصوص خیبرپختونخواسے آنے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کیلیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے،جب سے عمران خان گرفتار ہوئے ہیں تحریک انصاف مسلسل احتجاج کررہی ہے لیکن ابھی تک وہ اپنے مقصدمیں کامیاب نہیں ہوئی بعض تجزیہ نگاریہ کہہ رہے ہیں کہ بشریٰ بی بی کے میدان میں آنے کامقصدپارٹی کومتحرک کرناہے کیونکہ پارٹی چیئرمین سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدے دارماضی کے تمام احتجاج کو کامیاب نہیں بناسکے ،جب کہ تجزیہ نگاروں کا یہ بھی کہناہے کہ جس طرح ذوالفقارعلی بھٹوکو بچانے کے لیے بیگم نصرت بھٹواور نوازشریف کو بچانے کے لیے بیگم کلثوم نوازنے جدوجہدکی تھی کیا بشریٰ بی بی اس طرح کی جدوجہدکرنے میں کامیاب ہوں گی ،وزیراعلیٰ کے پی کے یہ کہتے ہیں کہ وہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ فوجی قیادت کے سامنے عمران خان کو رہاکرانے اور تحریک انصاف سے مذاکرات شروع کرنے کا معاملہ اٹھائیں گے کیونکہ یہ کشیدگی ملک ،اداروں اور تحریک انصاف کے مفاد میں نہیں ہے،گنڈاپورکے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں اور اسی وجہ سے وہ پانچ اور چھ اکتوبر کو ڈی چوک سے پہنچنے کے بجائے کے پی ہاوس گئے اوروہاں سے پراسرارطور پر لاپتہ ہوئے ،پھر انہوں نے منظرعام پر آکرجوبیانات دیئے ان پر کوئی اعتماد کرنے کو تیارنہیں تھااسی لیے عمران خان نے اس بار بشریٰ بی بی کو ذمہ داریاں سونپی ہیں،تحریک انصاف کے لیے کے پی کے سے حکومتی حمایت اور وسائل کے ذریعے عوام کو اسلام آبادلانازیادہ مشکل نہیں ہے لیکن اصل مسئلہ پنجاب کاہے جہاں پی ٹی آئی کی تنظیم بہت کمزور ہیں حماداظہراور دیگراہم رہنماپشاورمیں روپوش ہیں پرویزالٰہی غیراعلانیہ طور پر پی ٹی آئی سے الگ ہوچکے ہیں پنجاب سے بڑی تعدادمیں لوگوں کو نکالنابہت مشکل نظرآرہاہے کیونکہ پنجاب پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیاہے،دوسری جانب نومئی کے ایک اہم مقدمے میں شاہ محمودقریشی عمرسرفرازچیمہ ،سینیٹراعجاز چوہدری سمیت دیگررہنماوں پر طویل عرصے بعد فرد جرم عائد کی گئی ہے جب کہ 25نومبر کو جی ایچ کیوحملہ کیس میں عمران خان اور دیگر رہنماوں پر فردجرم عائد کی جارہی ہے،نومئی پاکستان کی تاریخ کاایک افسوسناک واقعہ تھااور اس واقعہ کی وجہ سے پی ٹی آئی کو بہت نقصان ہوا،اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تحریک انصاف کی دوریاں پیداہوئیں جو اب تک دورنہیں ہوسکیں،ہماراعدالتی اور پراسیکیوشن کا نظام زیادہ بہترنہ ہونے کے باعث اس طرح کے مقدمات طویل عرصے سے زیرالتواء ہیںاور ان کے جلدفیصلے ہونے ضروری ہیں۔
بشریٰ بی بی، گنڈاپور 14لاکھ لوگ اسلام آباد لانے کیلئے متحرک








