بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عوام کی جان کا تحفظ اولین ترجیح رہے گی، سب مل کر کوشش کریں گے تو سموگ سے نجات ہوگی، مریم اورنگزیب

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں سموگ کے خلاف گرینڈ آپریشن پوری شدت سے جاری ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ چار دنوں میں آلودگی پھیلانے والے درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹس مسمار کیے گئے ہیں، جبکہ درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کیے گئے ہیں۔ 15 نومبر کو زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 17 بھٹے گرائے گئے، جبکہ 16 اور 17 نومبر کو مزید 17 بھٹے مسمار کیے گئے۔

خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی، سرگودھا، جھنگ، لیہ، بہاولنگر اور پاک پتن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سب سے زیادہ 14 بھٹے ملتان اور 8 لیہ میں گرائے گئے۔ لاہور اور گوجرانوالہ میں 15 نومبر کو 20 صنعتی یونٹس آلودگی پھیلانے پر مسمار کیے گئے۔ 16 اور 17 نومبر کو لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور قصور میں مزید 16 صنعتی یونٹس گرائے گئے، جبکہ 51 یونٹس کو سیل کیا گیا، جن میں فیروز والا میں ایک سٹیل مل بھی شامل ہے۔

لاہور میں آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران 30 صنعتی یونٹس سیل کیے گئے، پانچ کو مسمار کیا گیا، اور چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے یونٹس پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ لاہور کے داخلی راستوں اور سگیاں پل سمیت مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی پڑتال کا عمل جاری ہے، جبکہ تعمیراتی سامان لے جانے والی کھلی گاڑیوں پر بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کمرشل جنریٹرز کی جانچ پڑتال کے ساتھ سیف سٹی کیمروں سے نگرانی جاری ہے۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے ای پی اے، ایڈمنسٹریشن، پولیس، ڈی سی اور کمشنر کو ان کی کوششوں پر شاباش دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ اور اداروں کے کام کو سراہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور مشترکہ کوششوں سے سموگ پر قابو پایا جائے گا۔