بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیرسیاسی خاتون جلسے جلوسوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ،عظمیٰ بخاری کی بشریٰ بی بی پرتنقید

 لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں، بشریٰ بی بی کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ غیرسیاسی خاتون ہیں لیکن حیرت ہے کہ ایک غیرسیاسی خاتون جلسے جلوسوں کی منصوبہ بندی کرتی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ خاتون اتنی غیرسیاسی ہیں کہ ماضی میں ایک وزیراعظم کو کنٹرول کرتی تھیں۔
ان کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ سرکاری وسائل ریاست کے خلاف استعمال کررہا ہے، جبکہ ان کے اپنے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔
 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو کیے بغیر چلے گئے، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔
 انہوں نے کہا پی ٹی آئی ملک میں فتنہ فساد برپا کرنا چاہتی ہے، ان کو لاشیں چاہییں، لیکن پاکستان کے عوام ان کی آواز پر کان نہیں دھریں گے۔
  صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں، علی امین گنڈاپور فساد کی سیاست کے بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ الجہاد الجہاد کے نعرے لگا رہا ہے، بشریٰ بی بی کے سامنے سارے ایم این اے اور ایم پی ایز اچھے بچے بن کر بیٹھے ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں، دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اس حوالے سے ہدایات دے رہی ہیں۔