اسلام آباد(صغیر چوہدری )سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 میں ججز اور بیوروکریٹس کو پلاٹ الاٹمنٹ کیس سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی اپیل منظور کر لی ہے۔
عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ ہائیکورٹ دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لے۔ مختصر فیصلہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کا حصہ جسٹس عائشہ ملک نے سنایا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 21 مئی کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس فیصلے سے بیوروکریٹس، ججز، اور صحافیوں کو پلاٹ الاٹمنٹ سے متعلق قانونی پیچیدگیوں میں بڑی حد تک ریلیف مل گیا ہے۔








