اسلام آباد: آئینی بینچز کمیٹی نے آرٹیکل 191 اے کے تحت آئینی مقدمات کیلئے ایک وقف برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بدھ کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی بینچز کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ کمیٹی کی جانب سے آرٹیکل 191 اے کے تحت آئینی مقدمات کیلئے ایک وقف برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس برانچ میں کیسز کی ہموار کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب عملہ رکھا جائے گا۔
سپریم کورٹ کی طرف سے پہلے ہی آئینی بینچ کو منتقل کیے گئے مقدمات منظور شدہ روسٹر کے مطابق طے کیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ کو خصوصی طور پر آئین کے آرٹیکل 186 اے کے تحت مقدمات کی منتقلی کا اختیار حاصل ہے اور آرٹیکل 186 اے کے تحت معاملات کی ریگولر بینچوں کے ذریعے سماعت ہوتی رہے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ صرف آرٹیکل 199 کے تحت ایسے معاملات جن میں اہم آئینی سوالات یا قانون کے اہم مسائل شامل ہیں آئینی بنچ کو بھیجے جائیں گے۔
آرٹیکل 191 اے کے تحت آئینی مقدمات کیلئے وقف برانچ کے قیام کا فیصلہ








