پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار سعود قاسمی نے بھارتی رقاصہ اور اداکارہ نورا فتیحی سے ملاقات کی ویڈیو اہلیہ کو موصول ہونے کا قصہ سنا دیا۔
ڈراما انڈسٹری کے نامور جوڑوں میں شمار کیے جانے والے جویریہ اور سعود ٹی وی اسکرین کی زینت بنتے ہیں اور اپنی شاندار اداکاری سے سب کے دل موہ لیتے ہیں۔
اداکارہ جویریہ سعود 1993 میں بطور نعت خواں ٹی وی پر دکھائی دیں اس کے بعد سن 1995 میں انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا اور ٹیپو سلطان، دی ٹائیگر لارڈ، منزلیں، پیا کا گھر پیارا لگے، کالی آنکھیں، ماں ، تھوڑی خوشی تھوڑا غم جیسے ان گنت ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
چند روز قبل اداکارہ جویریہ سعود نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں انکے شوہر سعود اور نورا فتیحی کی ملاقات کی جھلکیاں تھیں جو ڈیلاس میں نیشنل کرکٹ لیگ یو ایس اے کے فائنل میچ کے دوران ہوئی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہی وائرل ہوگئی۔
اب حال ہی میں سعود قاسمی نے ایاز سمو کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سمو’میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی اور پیشہ ورانہ زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔
دوران انٹرویو سعود نے موجودہ انڈین فلموں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی انڈین فلموں میں وہی مبالغہ آمیز ایکشن دکھایا جا رہا ہے جو کبھی ہماری فلموں میں ہوا کرتا تھا۔ ہیرو کا ایک ہی وار سے کئی لوگوں کو گرانا اور ایسے مناظر اب انڈین فلموں میں عام ہو چکے ہیں۔
جبکہ اسی گفتگو میں سعود قاسمی نے ڈیلاس میں حالیہ ایک ایونٹ کے دوران نورا فتیحی سے ملاقات کے بارے میں بھی بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ نورا بھی اسی ایونٹ میں شریک تھیں اور وہاں کسی نے ان کی ویڈیو بنائی اور جویریہ کو بھیجی، جسے اہلیہ نے بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
سعود کے مطابق ویڈیو بنانے والے شخص نے یہ زیادہ مزاح کے طور پر کیا تھا تاکہ جویریہ کا ری ایکشن دیکھ سکیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں نے کئی بین الاقوامی فنکاروں کیساتھ تصاویر بنوائی ہیں لیکن اگر میں نورا فتیحی کیساتھ خود تصویر بناتا تو وہ سیلفی کی صورت میں ہوتی لیکن یہ ویڈیو چھپ کر بنائی گئی تھی اور مذاق کے طور پر جویریہ کو بھیجی گئی تھی جو وائرل ہوگئی۔









