اسلام آباد (صغیر چوہدری) وفاقی دارالحکومت میں راستوں کی بندش کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی ہدایت پر رکاوٹیں ہٹانے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام داخلی و خارجی راستوں سے کنٹینرز اور رکاوٹیں ہٹا دی ہیں۔ فیض آباد کے مقام پر تمام بندشیں ختم کر دی گئیں، اور بند کیے گئے تمام بس ٹرمینلز بھی کھول دیے گئے ہیں۔ سری نگر ہائی وے اور 26 نمبر پوائنٹ کو مکمل طور پر کھول دیا گیا جبکہ فتح جنگ روڈ، پشاور روڈ، اور سنگھجانی ٹول پلازہ سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
مارگلہ ایونیو، کٹی پہاڑی، اور جی ٹی روڈ کی بندش بھی ختم کر دی گئی ہے۔ ایران ایونیو، ای-الیون، اور پرانے مارگلہ روڈ سے کنٹینرز ہٹانے کا عمل مکمل ہو گیا۔ انٹرچینج کے مختلف مقامات پر لگائے گئے کنٹینرز بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ شہر بھر کی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اور شہری اب آسانی سے آمدورفت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بندشوں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات پر انتظامیہ معذرت خواہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں صفائی کا عمل بھی مکمل کر لیا ہے تاکہ معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔








