اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ روس کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر محترمہ ویلنٹینا میٹ ویانکو سے ملاقات کی۔ فیڈرل اسمبلی آف رشین فیڈریشن میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات، اقتصادی تعاون اور دو طرفہ روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محترمہ ویلنٹینا میٹ ویانکو نے پاکستانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کی پارلیمان کی میزبانی کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے ویلنٹینا میٹ ویانکو کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں منعقدہ پہلی اسپیکرز کانفرنس میں ان کی شرکت اور حمایت کو سراہا۔ انہوں نے روسی ہم منصب کی پاکستان کے جلد دورے کی یقین دہانی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کے صدور، وزرائے اعظم اور اعلیٰ سطحی وفود کے حالیہ تبادلوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
ویلنٹینا میٹ ویانکو نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی کے روس کے دورے کو اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
اسپیکر نے دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمان کے درمیان رابطوں اور تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، اور کاروباری روابط کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پارلیمانی وفد میں قومی اسمبلی کے اراکین رانا محمد حیات خان، سید آغا رفیع اللہ، عبدالقادر پٹیل، ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور شیر علی ارباب شامل تھے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی، سفارتی، اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








