بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مطیع اللہ جان کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک، حکومت کے لیے باعث فخر نہیں،عرفان صدیقی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کی کسی بھی صورت میں تائید نہیں کرتے، چاہے یہ جس کے کہنے پر اور کسی بھی وجہ سے ہوا ہو۔

انہوں نے کہاکہ یہ نہایت افسوسناک واقعہ ہے اور میں یہ اس لیے نہیں کہہ رہا کہ میرا صحافتی برادری سے تعلق ہے بلکہ اس لیے کہ یہ واقعہ کسی بھی جمہوری حکومت کے لیے باعث فخر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات پی ایم ایل (ن) کی حکومت کی روایات کا حصہ نہیں رہے ہیں۔ “یہ پی ٹی آئی کی روایتیں ہیں اور انہیں وہیں تک محدود رہنا چاہیے۔ ہماری حکومت کو ایسے رویوں سے گریز کرنا چاہیے۔”

مطیع اللہ جان کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے پر مختلف حلقوں کی جانب سے مذمت کی جا رہی ہے، جسے آزادیٔ صحافت اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے 30 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی تھی لیکن عدالت نے 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جس کے فوراً بعد ہی ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔