بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواز شریف کی وزیراعظم کو مدارس بل پر مولانا کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

لاہور: وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے جاتی امراء میں اہم ملاقات کی ، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری، خصوصاً اسٹاک ایکسچنج میں نیا ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی، جبکہ وزیراعظم نے نواز شریف کو ایس آئی ایف سی کے تناظر میں بیرونی سرمایہ کاری میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔
دوران ملاقات ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں 26 نومبر کے واقعات اور سول نافرمانی کی ممکنہ کال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نوازشریف اور وزیراعظم کے درمیان اتفاق ہوا کہ ملکی سلامتی اورقومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا، ملکی ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے جائے گی۔
نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی کہ مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مدارس بل پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے ملکی معاملات پر اتحادیوں سے مشاورت اور انہیں اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم نے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔
نواز شریف اور وزیراعظم نے پاک افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔