یوں تو سالگرہ کا دن سبھی کی زندگی میں خاص ہوتا ہے لیکن اگر سالگرہ منانے والی شخصیت بالی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ ہونے کے ساتھ ایک نواب کی بیوی اور ایک نواب کی والدہ ہوں تو یقیناً ان کی سیلیبریشن بھی خاص ہوگی۔
ہم بات کررہے ہیں شرمیلا ٹیگور کی جنہوں نے گزشتہ روز یعنی 8 دسمبر کو اپنے اہلِ خانہ اور قریبی عزیزوں کے ہمراہ جنم دن منایا۔
ان کی پوتی اور اداکارہ سارہ علی خان نے دادی کی سالگرہ کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں سب کو ہنستے مسکراتے ایک ساتھ لنچ کرتے اور کیک کاٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر شرمیلا ٹیگور اپنے باوقار انداز اور خوبصورت لباس کے ساتھ مزید حسین اور سب سے منفرد نظر آئیں۔
تاہم ان کی سالگرہ کے اس جشن میں ایک بات پاکستانیوں کے لیے بہت خاص رہی۔
View this post on Instagram
اور وہ یہ کہ نفیس شخصیت کی مالک شرمیلا ٹیگور نے اپنی سالگرہ کے خاص دن جس لباس کو زیب تن کرنے کا انتخاب کیا وہ ایک لوکل پاکستانی برانڈ کا نکلا۔
اگر بالی وڈ لیجنڈ کی برتھ ڈے لُک کی بات کی جائے تو انہوں نے پاکستانی برانڈ ‘ویئر منٹو’ کا تیار کردہ آرٹیکل پہنا جس کا نام ‘حیات انارکلی’ ہے،۔
کریم کلر کی اس سادہ سی فراک کو آستینوں اور گھیرے پر موجود پرنٹڈ پٹی نے مزید خوبصورت بنادیا جبکہ نارنجی اور گلابی پھولوں کے دوپٹے نے اس کو چار چاند لگادیے۔
دوپٹے کے کنارے پر برانڈ کی خصوصیت سمجھی جانے والی اردو خطاطی بھی نمایاں ہے جو شعر کی صورت میں موجود ہے، اداکارہ نے اس فراک کو سرخ رنگ کی دل آویز موتیوں کی مالا پہن کر کمپلیمنٹ کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں شرمیلا ٹیگور کو ایک لوکل پاکستانی برانڈ کا جوڑا پہنے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے وہیں خود برانڈ مالکان بھی ششدر رہ گئے جس کا اظہار انہوں نے کمنٹ سیکشن میں صارفین کے تبصروں کے جواب میں کیا۔

یہ بات اس لیے بھی حیرت انگیز ہے کہ ‘ویئر منٹو’ کوئی بہت نامور برانڈ نہیں البتہ خطاطی سے مزین ڈیزائن کے سبب صارفین میں اپنی ایک الگ جگہ بناچکا ہے، اس برانڈ کا واحد آؤٹ لیٹ کچھ عرصہ قبل ہی کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کھولا گیا تھا اور انسٹاگرام پر اس کے صرف 3 لاکھ 28 ہزار ہی فالوور ہیں۔
تاہم ایک لوکل اور چھوٹے پاکستانی برانڈ کا جوڑا بالی وڈ لیجنڈ تک کیسے پہنچا؟ اس بات سے خود مالکان بھی لاعلم نظر آئے اور انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے کہ کسی نے اداکارہ کو یہ جوڑ ا بطور تحفہ دیا ہو۔
مذکورہ جوڑا اب بھی ان کی ویب سائٹ پر موجود ہے جس کی قیمت کی بات کی جائے تو انارکلی فراک اور ٹراؤزر 6950 روپے میں دستیاب ہے جب کہ اس کے ساتھ دوپٹے کو بھی شامل کرنے پر جوڑے کی مکمل قیمت 9 ہزار 500 پاکستانی روپے بنتی ہے۔

تاہم اگر یہی قیمت بھارتی روپوں میں دیکھی جائے تو یہ جوڑا محض 2 ہزار 900 بھارتی روپے کا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بالی وڈ اداکارہ امارات اور شان و شوکت کا اظہار کرنے سے زیادہ نفاست اور اپنی شخصیت کے حساب سے لباس چننے کو فوقیت دیتی ہیں۔









