چیئرمین علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بڑے ادارے جن کے ساتھ ہزاروں مدارس وابستہ ہیں، انہیں بورڈ بنانے کا حق دیا جائے اور مدرسے کی تعلیم کو بھی حکومتی سطح پر تعلیم تسلیم کیا جائے، مدارس کی رجسٹریشن کا جو ون ونڈو آپریشن طے ہوا ہے، اس پر عمل کیا جائے۔اسلام آباد مدارس کی رجسٹریشن اور اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ 2019 کے بعد مدارس بورڈ کے حوالے سے حکومت نے پالیسی تبدیل کی تھی، حکومت نے اس حوالے سے بہت طویل مشاورت کی اور کئی اجتماعات کیے۔مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس کے بورڈز پر فیصلہ ہوا کہ جن کے پاس مدارس ہیں انہیں بورڈ بنانے کا حق دیا جائے، اس حوالے سے 10 نئے بورڈ اپلائی کیے گئے، معیار دیکھا گیا اور قائم کردیے گئے، آج یہ بورڈز بھرپور طریقے سے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خود مدرسوں سے پڑھے ہیں، مدرسے بنانے والوں کی اولادیں ہیں، ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ جب بھی مدارس کا معاملہ آئے اور ہم چپ کرکے بیٹھ جائیں، جب بھی مدرسے کا معاملہ آیا علما نے طلبا کے وقار اور عزت کی جنگ لڑی، خوف مسلط کیا جاتا ہے کہ کوئی بیرونی ایجنڈا آئے گا اور تنکے کی طرح اڑا کر لے جائے گا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ تیز ہوا آئے اور مدرسوں کو اڑا کر لے جائے، مدرسے والا اور مدرسے میں پڑھنے والا کمزور نہیں ہے۔۔طاہر اشرفی نے بتایا کہ 2019 کے معاہدے پر مفتی تقی عثمانی، مفتی رحیم، قاری حنیف جالندھری، پروفیسر ساجد میر، یاسین ظفر، عبدالماجد، ڈاکٹر عطاالرحمان، حیدر نجی کے دستخط موجود ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے شفقت محمود اور سیکریٹری تعلیم ارشد مرزا کے دستخط بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے 2019 میں کہا کہ یہ قانون اور معاہدہ ہے، ہم نے مان لیا، آج آپ کہتے ہیں کہ اس معاہدے کو پھینکیں، نیا معاہدہ لائیں، میرا اور لاکھوں طلبا کے مستقبل کا فیصلہ کون کرے گا، ہم اپنے مدارس، طلبا اور اساتذہ کے ذمہ دار ہیں، ہم ان کے مستقبل کیساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ آج کہتے ہیں کہ نیا قانون لائیں، 4 سال بعد پھر نیا قانون لانے کا کہیں گے، اس طرح تو یہ کھیل بن جائے گا، آج اگر اسکالرشپ یا باقی امور چاہییں تو کس سے لیں گے، ہمیں مدرسے کے پلیٹ فارم سے سیاست نہیں کرنی، ہمارے پاس سیاست کے لیے الگ پلیٹ فارم موجود ہے، حکومت سے بھی شکوے اور شکایتیں ہیں، مل بیٹھ کر حل کرلیں گے۔
مدرسے جانے والے بچے کی رجسٹریشن کیوں نہ ہو؟ خرم نواز گنڈاپور
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ایک معاہدے کے تحت یہ سارا نظام کھڑا کیا گیا، جو معاہدہ طے پایس گیا وہ کسی پر بار گراں نہیں تھا، اس وقت ہم ایف اے ٹی ایف کے گھنے بادلوں کے نیچے تھے، دنیا میں عسکریت پسندی اور دہشتگردی کی باتیں ہورہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ آج مدارس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، ان میں شفافیت ہے، اکثر بڑے مدارس آڈٹ بھی کروا رہے ہیں، دینی اور عصری تعلیم ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، جتنی بھی تحقیقات ہوئیں وہ مدارس کی مرہون منت ہیں، ہم کیوں مدارس کو صرف دینی معاملات تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مدرسہ رجسٹرڈ ہوجاتا ہے تو اس کی شاخوں کو رجسٹریشن کی ضرورت نہیں، جب ایک بچہ مدرسہ جارہا ہے تو اس کی رجسٹریشن کیوں نہ ہو، جب مدرسے رجسٹرڈ ہوں گے تو پتا ہوگا کہ کس مدرسے میں کون جارہا ہے۔
دینی تعلیم کے بورڈز میں اضافہ ہونا چاہیے، راغب نعیمی
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب نعیمی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مدارس کو بیرونی ایجنڈے سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ہم مدارس کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، مدارس کے بورڈز میں اضافہ تعلیم میں اضافہ ہے، حکومت کی پالیسی ہے کہ ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی بنے، دینی تعلیم کے بورڈز میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مدارس کا معاملہ تعلیمی ہے، اسے سیاسی اکھاڑہ نہ بنایا جائے، ایچ ای سی اب بھی ایم اے کے مساوی ڈگری دیتی ہے، تجویز دیتا ہوں کہ اب بی ایس کے مساوی ڈگری دی جائے۔اجلاس میں علما کرام سے مدارس رجسٹریشن اور اصلاحات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی اور ڈائریکٹر جنرل وفاقی وزارت تعلیم کے علاوہ پاکستان بھر سے ہر مکتبہ فکر کے جید علما کرام شریک ہوئے۔معانت کے لیے پاکستان علما کونسل کے چیئرمین مولانا حافظ طاہر اشرفی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب نعیمی اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس میں شریک ہوئے۔








