اسلام آباد ( طارق محمودسمیر)وفاقی حکومت اور جمعیت علماء اسلام (ف)کے درمیان مدارس بل کے معاملے پرڈیڈلاک برقرار ہے،حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کے حق میں علماء ومشائخ کااجلاس بلاکرمولاناکو ان کی ایک نہ ماننے کاپیغام دے دیا،حکومت کو اس معاملے پر پی ٹی آئی کی حمایت بھی مل گئی، مولانافضل الرحمان حکومتی طرزعمل پر سیخ پا
، حکومت کے ساتھ بات چیت کے دروازے بند کردیئے، صدرآصف علی زرداری نے چندروزقبل مدارس بل پر یہ اعتراض لگاکرواپس کردیاتھا کہ صوبائی معاملہ ہے جب کہ مولانافضل الرحمان کاکہناہے کہ مدارس میں حکومتی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی،واضح رہے کہ 2019 میں مدارس کی رجسٹریشن کے لیے حکومت اور علماء کے درمیان معاہدے سے پہلے مدارس کی رجسٹریشن ایکٹ 1860 کے تحت این جی اوکے طور پر ہوتی تھی ، پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد نیشنل سیکورٹی پالیسی بنی جس کے تحت نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا۔ اس پلان کا ایک اہم پہلو مدارس کی اصلاحات اور اِن کو قومی دھارے میں لانا تھا اس معاملے پر سٹیک ہولڈرز کے مابین مشاورت کے بعد ایک معاہدہ طے پایا کہ مدارس کو محکمہ تعلیم کے اندر لایا جائے اور مدارس میں دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی سکھائے جائیں ،معاہدے کے مطابق مدارس کوئی ایسا مواد نہیں پڑھائیں گے جو شدت پسندی کو ہوا دے، تمام مدارس کے بینک اکاونٹس کی نگرانی ہو گی اور ہر مدرسہ اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیل دے گا، اسی طرح ہر مدرسہ خود کو وزارت تعلیم کے ماتحت ڈائریکٹریٹ جنرل مذہبی امور کے پاس رجسٹرڈ کروائے گا۔ یہ معاہدہ 29 اگست، 2019 میں طے پایا، جس پر مولانا فضل الرحمان اور وفاق المدارس (پانچ جو پہلے سے موجود تھے )کے علما نے دستخط کیے تھے،مدارس کے حوالے سے معاہدہ فیٹف کی پابندیوں کی فہرست سے نکلنے کے لیے بھی ضروری تھااس معاہدے کے تحت 18ہزار400مدارس سے رجسٹریشن کرائی جن میں22لاکھ بچے زیرتعلیم ہیں تاہم مولانافضل الرحمان مدارس کی وزارت تعلیم کے تحت رجسٹریشن کے حق میں نہیں ،انہوں نے26ویں آئینی ترمیم میں حکومت کاساتھ اسی شرط پر دیاتھا کہ 2019 کا معاہدہ ختم کرکے مدارس کے حوالے سے پراناقانون بحال کیاجائے گا بعدازاں دینی مدارس کا بل سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور ہواتاہم جب یہ بل ایوان صدر بھیجا گیا تو وہاں سے منظور نہیں ہو سکا اور اب حکومت مولانافضل الرحمان کی شرط پوری کرنے سے گریزاں ہے اور مدارس کی رجسٹریشن اور اصلاحات کے حق میں اس نے مختلف علماء کا اجلاس بلاکر ان کی حمایت حاصل کی جب کہ پی ٹی آئی کے چیئرین بیرسٹر گوہر نے بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا 2019 میں مدارس رجسٹریشن کا معاہدہ درست تھا اور تحریک انصاف اس معاہدے پر آج بھی قائم ہے انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے اور مدارس میں طلبا کو جدید علوم بھی پڑھائے جانے چاہئیں،مولانافضل الرحمان نے حکومت کی طرف سے اجلاس بلائے جانے کو علماء کو تقسیم کرنے کی کوشش قراردے دیاگیااورمدارس بل پر حکومت کی کوئی تجویزقبول نہ کرنے کااعلان کیا،مدارس میں چونکہ زیادہ تر غریب بچے زیرتعلیم ہوتے ہیں ضرورت اس امرکی ہے کہ ان بچوں کے بہترمستقبل کے لیے مدارس کے معاملے کو سیاست کی نذرنہیں کیاجاناچاہئے اور نہ ہی اس بنیاد پر مولانافضل الرحمان کی جماعت کواحتجاج کا راستہ اختیارکرناچاہئے بلکہ بہتریہی ہے کہ حکومت اور مولانافضل الرحما ن مل بیٹھیں اور بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالاجاناچاہئے۔
مدارس بل، حکومت کو علماء،PTI کی حمایت ،مولاناسیخ پا








