حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کی گرفتاری پر میزبان یاسر شامی دفاع کرنے میدان میں آگئے۔
گزشتہ چند دنوں سے رجب بٹ اپنی عالیشان شادی کے سبب خبروں کی زینت بنے ہوئے تھے، اس مہنگی ترین شادی میں پیسوں کی بے تحاشہ نمائش کی گئی جبکہ تقریب میں مدعو مہمانوں نے بھی دل کھول کر دولہے کو سلامی پیش کی۔
کسی نے گولڈ پلیٹڈ آئی فون گفٹ کیا تو کوئی ڈالرز کا گلدستہ دیتا نظر آیا لیکن اس تقریب میں ایک شخص ایسا بھی تھا جس نے رجب بٹ اور انکی اہلیہ کو ایک شیر کا بچہ بطور تحفہ پیش کرکے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔
اب تک کے اس انوکھے تحفے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے لاہور کے علاقے پارک ویو میں رجب بٹ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا جہاں شیر کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھا گیا تھا۔
ساتھ ہی رجب بٹ کو بھی گرفتار کرتے ہوئے ان سے بغیر لائسنس اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔وہی رجب بٹ جو اپنی شادی کی خوشیوں میں مگن تھے اب جیل میں قید بے گناہ سزا کاٹنے پر مجبور ہوگئے۔
ایسے میں کئی سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات کی جانب سے رجب بٹ کی فوری رہائی کا مطالبہ سامنے آرہا ہے، رجب بٹ کی حمایت کرنے اور انکے دفاع میں آواز بلند کرنے والوں کی فہرست میں یاسر شامی بھی شامل ہوگئے۔
اگرچہ رجب بٹ اب آزاد ہیں لیکن انہیں گرفتار کرنے اور انکی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر ڈیلی پاکستان کے میزبان یاسر شامی کا اپنے حالیہ وی لاگ میں رجب بٹ کا دفاع کردیا۔
یاسر شامی کا کہنا تھا کہ،’رجب بٹ اب آزاد ہیں، میں سی سی پی او لاہور کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس معاملے کو دیکھا۔ میں نے ان سے درخواست کی تھی کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھیں کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ رجب بٹ کو غلط طریقے سے پھنسایا گیا اور نشانہ بنایا گیا تھا’۔
یاسر شامی کا کہنا تھا کہ،’ رجب بٹ کو کئی غیر قانونی چیزیں گفٹ کی گئیں، جن میں ایک شیر کا بچہ اور ہتھیار شامل ہیں، جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کیا، حالانکہ انہوں نے اپنے وی لاگ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ان چیزوں کے لائسنس بنوانے جا رہے ہیں لیکن پھر بھی گرفتار کر لیا گیا۔’
یاسر شامی کا کہنا تھا کہ ،’میں رجب بٹ سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنے دشمنوں اور دوستوں کو پہچانیں۔ ان دشمنوں کو جانیں جو آپ کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ایک ذمہ دار شخصیت بنیں کیونکہ آپ ایک بڑے انفلوئنسر ہیں۔’
یاسر شامی کے مطابق رجب بٹ اپنی محنت کے بل بوتے آج اس مقام تک پہنچے ہیں جس کے بعد یہ گرفتاری سراسر ان سے حسد کرنا ہے اور کچھ نہیں ، لوگوں کو اگر اسکے کانٹنٹ سے اختلاف ہو بھی جائے لیکن شادی کے سب سے خاص دنوں میں اسے گرفتار کرنا صرف حسد ہے ، اللّٰہ جسے عزت دے اسے تسلیم کرنا چا ہیے’۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین یاسر شامی کی مثبت سوچ اور یوٹیوبر کے لیے حمایت کو سراہ رہتے نظر آرہے ہیں۔









