پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ایف بی آر کے آن لائن نظام آئی آر آئی ایس میں تکنیکی مسائل کے باعث ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم مکاتی نے کہا کہ گوشوارے جمع کرانے کے عمل میں پیش آنے والی دشواریوں کے پیش نظر ٹیکس دہندگان کو اضافی مہلت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے گوشوارے مکمل کرکے بروقت جمع کرا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشواروں کے فارم جاری ہونے میں تاخیر اور آئی آر آئی ایس پورٹل میں مسلسل تکنیکی مسائل کے باعث افراد، تاجروں اور کاروباری اداروں کے لیے مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع کرانا مشکل ہو رہا ہے۔
سلیم مکاتی کا کہنا تھا کہ آخری تاریخ میں توسیع سے ٹیکس دہندگان کو اپنے گوشوارے درست طور پر مکمل کرنے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کا مناسب موقع ملے گا جبکہ انہیں ایسے مسائل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا جو ان کے اختیار سے باہر ہیں۔
انہوں نے ایف بی آر پر زور دیا ہے کہ وہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مناسب توسیع کا اعلان کرے تاکہ انتظامی تاخیر اور تکنیکی رکاوٹوں کے باعث ٹیکس دہندگان متاثر نہ ہوں









