جماعت اسلامی نے انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کی بندش کے باوجود بجلی کے بلوں میں کمی نہ ہونے پر 17 جنوری سے تحریک شروع کرنے کااعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواہش ہے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں اور تحریری معاہدہ عوام کے سامنے رکھا جائے، مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی آئین و قانون سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17جنوری کو جماعت اسلامی بجلی کی قیمتیں کم کروانے پر ملک گیر احتجاج شروع کریں گی، ایم کیو ایم کی کوئی بھی قسم ہو، قوم انہیں مسترد کر چکی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ کراچی کا معاملہ خراب نہ کریں اور اسے درست سمت میں چلنے دے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بلوں کی تلوار قوم کے سروں پر لٹک رہی ہے، حکومت کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹے ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے علی امین گنڈا پور کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی کو کنٹرول کرنا کے پی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اسرائیل اور امریکا کو عالمی دہشت گرد ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں 47 ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل امریکی آشیر باد سے 23 لاکھ فلسطینوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ابھی ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں نہیں آیا تو وہ چیمپئن بن کر دنیا میں قتل و غارت کرکے استحصال قوموں کا کررہا ہے، جس پر دنیا کو نوٹس لینا ہوگا۔
انہوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ گنے اور گندم کی امدادی قیمت فوری مقرر کی جائے تاکہ کسانوں کا استحصال نہ ہو سکے۔








