اسلام آباد: وزیرتوانائی اویس لغاری نے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے کی نوید سنا دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی دس سے بارہ روپے فی یونٹ سستی کر سکتے ہیں، آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی ہو گی، نظر ثانی کے بعد عوام کو بہت اچھی بچت ہو گی، مزید پندرہ آئی پی پیز کے معاہدوں کو کابینہ میں لے کر جا رہے ہیں، حکومتی آئی پی پیز کی باری بھی آئے گی۔
اویس لغاری نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کا معاملہ اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، خواہش ہے کہ بجلی کا ریٹ 50 روپے کم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ بگاس کے 8 پلانٹس کا جائزہ لینے جا رہے ہیں، مزید 16 پلانٹس کی نظرِ ثانی کرنے جا رہے ہیں، اس کے بعد حکومتی پلانٹس کے ریٹرن آن ایکوئٹی کی باری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آخر تک کیپٹو پلانٹس کا معاملہ حل ہو جائے گا۔ وزیرِ توانائی نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی 4 روپے تک سستی ہو چکی ہے۔
ادھر چوتھی انٹرنیشنل ہائڈرو پاور کانفرنس سے خطاب اویس لغاری نے کہاکہ ہم نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں غیر جانبدار بورڈز تعینات کیں ،ڈسٹریبیوشن کمپنیوں میں 2023 کے جولائی سے نومبر تک نقصانات 223 ارب روپے تھے جبکہ 2024 جولائی سے نومبر تک نقصانات صرف 170 ارب ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی لے کر آنا چاہ رہے ہیں جس کے لیے بلز میں مختلف ٹیکسوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ہمارے ملک میں بدقسمتی سے یونیفارم ٹیرف رائج ہے۔ جس کی وجہ سے ایک کمپنی کا بوجھ دوسرے کمپنی کو اٹھانا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے آئی پی پیز کے ساتھ مشاورت کے بعد ملکی خزانے میں 1100 ارب روپے کی بچت کی ہے،بھاشا ڈیم جیسے منصوبے توانائی کے لحاظ سے صارفین حق میں ہیں یا نہیں اس کو دیکھ رہیں ہیں۔
اویس لغاری نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں مسابقتی بنیادوں پر بجلی نہیں خریدی گئی، اس وجہ سے صارفین پر بوجھ پڑا ہے، وزرات کے اندر آئی پی پیز کا رش ہوتا تھا۔
اویس لغاری نے کہاکہ ہر کوئی کہتا تھا کہ میرا پلانٹ لے کے آؤ ، حکومت بجلی کی خریداری کی زمہ دار نہیں، مارچ میں مسابقتی بنیادوں پر بجلی مارکیٹ کھل رہا ہے، جو نرخ مارکیٹ طے کرے گا وہی نرخ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم صرف ایک ماحول فراہم کرینگے بجلی کی خریدار و فروخت سے حکومت کا کوئی کام نہیں، بجلی مہنگی ہونی کی وجہ سے سولر کا انقلاب ملک میں آیا ۔
اویس لغاری نےکہاکہ سولر دس سے 12 ہزار میگاواٹ نیٹ میٹرنگ کے تحت بڑھے گا، آف گرڈ سولر کا کوئی حساب نہیں ۔
اویس لغاری نے کہاکہ سولر صارفین سے صرف انرجی کاسٹ پر بجلی لینی چاہیے، ہمیں ابھی سخت فیصلے لینے ہوں گے۔
اویس لغاری نے کہاکہ کے الیکٹرک بجلی کے نرخوں میں ساڑھے دس روپے اضافہ مانگا رہا تھا، ہم نے ان کی درخواست مسترد کر دی،ہم نے این ٹی ڈی سی کی تعمیر نو کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیرتوانائی نے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے کی نوید سنا دی








