پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کیلئے حکومت کو 5 نام بھیج دیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری کو خط ارسال کیا ہے، جس میں پی اے سی کی چیئرمین شپ کے لیے 5 نام بھیجے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں جنیداکبر، شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب خان، عامر ڈوگر کے اور خواجہ شیراز محمود کے نام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت 28 جنوری کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کے چوتھے سیشن میں شرکت نہیں کرے گی، کیوں کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں مذاکرات میں شریک ہونے سے منع کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اب تک حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبے پر تحقیقاتی کمیشن نہیں بنائے گئے، ہم بات چیت کو مثبت بنانے کے خواہشمند ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کمیشن نہ بنانے کی وجہ سے مزید کسی مذاکرات کا حصہ نہیں رہ سکتے۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے 28 جنوری کو حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے چوتھے سیشن کے لیے اجلاس بلایا گیا ہے، جس سے دونوں فریقین کو آگاہ بھی کیا جاچکا ہے۔









