غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ ایک ایسی پیشرفت ہے جس سے انتہائی حساس ٹیکٹیکل ڈیٹا سمیت عملے اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا کا ایک وسیع ذخیرہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبرساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے کام کے دوران کلاؤڈ ون میں اس دراندازی کا پتا چلا اور اس انکشاف کے بعد پورے پلیٹ فارم میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔
رائٹرز ہیکرز کی شناخت، اس دراندازی کے مکمل دائرہ کار یا اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ آیا کوئی ڈیٹا چوری ہوا ہے یا نہیں۔
سال 2017 میں شروع کیے گئے ’کلاؤڈ ون‘ کا مقصد امریکی فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا، جس میں 4 آپریٹرز، مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کے وسائل کو یکجا کر کے درجنوں ایپلی کیشنز چلائی جاتی ہیں، جن میں عملے کے ڈیٹا اور تنخواہوں یا لاجسٹکس اور دیکھ بھال کا انتظام کرنے والی ایپلی کیشنز بھی شامل ہیں۔
ان میں فضائیہ کا ’کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول‘سسٹم، جو شمالی امریکا بھر سے فضائی دفاعی ریڈار اور دیگر ڈیٹا فیڈز اکٹھا کرتا ہے اور ’تھیٹر انٹیگریٹڈ کمبیٹ میونیشنز سسٹم‘ بھی شامل ہیں، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ میں رسائی حاصل کرلی: خبررساں ایجنسی
فوٹو: فائل
سال 2025 تک ’ایس اے آئی سی‘ کلاؤڈ ون کا مرکزی کنٹریکٹر تھا جس کے بعد ’لیڈوس‘ نے اس کی ذمہ داری سنبھال لی۔
ذرائع کے مطابق کلاؤڈ ون امریکی فوج کے سب سے بڑے کلاؤڈ پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے اور ’یہاں رسائی حاصل کرنا ایک بہت بڑا معاملہ ہے‘۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تفتیش کاروں نے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے امریکی فوج کی سائبر فورس ’سائبر کمانڈ‘ کو طلب کر لیا ہے۔
اس ہیکنگ کے انکشاف سے بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوا ہے اور ذرائع نے بتایا کہ بیک آفس ایپلی کیشنز کو کلاؤڈ ون پر منتقل کرنے کی کوششیں، جو طویل عرصے سے فوج کی ایک اہم ترجیح رہی ہے، روک دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:5 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے آسان قرضہ، نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ لون ملے گا
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کلاؤڈ ون پر پہلے سے چلنے والی ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس کو بلاک کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے فضائیہ کا عملہ ایسے وقت میں سسٹم کی مرمت سے قاصر ہو گیا ہے جب ٹیکنالوجی کی صنعت میں سافٹ ویئر کی سنگین کمزوریوں کی ایک نئی لہر سامنے آئی ہے۔








