بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا بنوں چھاؤنی پر حملے کو ناکام بنا نے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی پر ناکام حملے میں ملوث فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعاکی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے بنوں چھاؤنی حملہ میں ملوث فتنہ الخوارج کے تمام 16 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا اور ملک کو ایک بڑے نقصان سے بچایا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں،پوری قوم مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔