– افغانستان میں طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر 3,100 افغان شہریوں کو ملازمتیں فراہم کرے گی۔ یہ معاہدہ رواں ماہ دونوں ممالک کے درمیان طے پایا، جس کا مقصد افغانستان میں بڑھتی ہوئی غربت اور بے روزگاری پر قابو پانا ہے۔
افغان وزارت محنت کے ترجمان سمیع اللہ ابراہیمی کے مطابق، منگل سے ملک بھر کے مراکز میں درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اب تک کابل اور مضافاتی علاقوں سے 8,500 سے زائد افراد نے خود کو رجسٹر کروا لیا ہے، جبکہ پورے ملک سے 15,500 سے زیادہ درخواستوں کی توقع ہے۔
صرف قندھار میں 1,000 اور ہرات میں 2,000 کے قریب افراد نے ملازمت کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ قطر میں یہ ملازمتیں افغانستان کے شہریوں کے لیے ایک اہم معاشی موقع فراہم کریں گی۔
دوسری جانب، دنیا کی معروف ایئرلائن ایمریٹس نے بھی عالمی سطح پر نئی بھرتیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ دبئی کی قومی ایئرلائن ایمریٹس گروپ نے اپنے عالمی توسیعی منصوبے اور ٹیلنٹ ایکوزیشن پالیسی کے تحت کیبن کریو کی بھرتی شروع کی ہے۔
ایئرلائن نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا یہ صرف ایک یونیفارم نہیں، بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔ امارات کیبن کریو ٹیم کا حصہ بنیں اور دیکھیے کہ یہ سفر آپ کو کہاں لے جاتا ہے
دلچسپی رکھنے والے امیدوار ایمریٹس گروپ کیریئرز کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ بھرتی کی سرگرمیاں دبئی سمیت منتخب بین الاقوامی شہروں میں ہفتہ وار بنیادوں پر منعقد کی جاتی ہیں۔ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔









