اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے 26 جون 2022 کو منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منشیات سے پاک دنیا کے حصول کے لیے کاوشوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ہر سال 26 جون کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کو روکنے اور اس سے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کو لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) کی طرف سے شائع ہونے والی ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2021، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ منشیات سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی اموات پچھلی دہائی کے دوران تقریباً دو گنا ہو چکی ہیں۔ نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 60 فیصد ہیں اور انہیں منشیات کے استعمال سے خاص طور پر خطرات لاحق ہیں۔ ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں میڈیا، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کی مدد سے ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے طلباء اور والدین میں اِس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا کردار نہایت اہم ہے اور اسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے سخت پالیسی نافذ کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔ آج، ہم پاکستان کی جانب سے منشیات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کی گئی زبردست کوششوں کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ بین الاقوامی تعاون سے نوجوان نسل میں نئے قسم کی نفسیاتی منشیات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں مدد ملی ہے۔ میں معاشرے میں منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے وزارت انسدادِ منشیات کے اقدامات کو بھی سراہتا ہوں۔ پاکستان پوست سے پاک ریاست کا درجہ بھی حاصل کر چکا ہے جو کہ وزارت نارکوٹکس کنٹرول/اینٹی نارکوٹکس فورس کے فعال کردار کا عکاس ہے۔ صرف تعاون اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہی اس لعنت سے پاک دنیا کے وژن کا حصول ممکن ہے۔ ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدرعارف علوی کا منشیات کے استعمال اور غیر قانو نی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام








