بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ کا وینزویلا کے ساحل کے قریب جنگی جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ  

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کو تیز کرتے ہوئے وینزویلا کے ساحل کے قریب تین جنگی جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی بحریہ کے ایجیئس کلاس گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز پہلے ہی وینزویلا کے پانیوں کی طرف روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی افواج 4000 میرینز کو بھی خطے میں تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
یہ اقدامات اُس مہم کا حصہ ہیں جس کے ذریعے امریکہ وینزویلا کے صدرنکولس مادورو پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔ حال ہی میں امریکی حکومت نے مادورو کے سر کی قیمت 25 ملین ڈالر سے بڑھا کر 50 ملین ڈالر کر دی ہے۔ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ مادورو منشیات فروش گروہ کارٹیل ڈی لوس سولیس کی قیادت کر رہے ہیں۔
امریکی مؤقف: مادورو صدر نہیں، کارٹیل لیڈر ہیں
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق صدر ٹرمپ منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے “امریکی طاقت کے ہر پہلو” کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا صدر ٹرمپ کا مؤقف بالکل واضح ہے: جو بھی امریکا میں منشیات لانے کا ذمہ دار ہے، وہ انصاف سے نہیں بچ سکتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وینزویلا کی حکومت کو نارکو-ٹیرر کارٹیل سمجھا جا رہا ہے، اور مادورو ایک جائز صدر نہیں بلکہ ایک مفرور ہیں جن پر امریکہ میں منشیات اسمگل کرنے کی فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے۔
  وینزویلا کا ردعمل: 45 لاکھ ملیشیا اہلکار متحرک کریں گے
امریکی اقدامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی خطرات سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں 45 لاکھ ملیشیا اہلکار تعینات کریں گے۔ مادورو نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ وہ وینزویلا کی خودمختاری کو چیلنج کر رہا ہے اور ان کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
  پس منظر میں بڑھتی کشیدگی 
یاد رہے کہ امریکہ مادورو کی گزشتہ دو انتخابی کامیابیوں کو تسلیم نہیں کرتا اور ان کی حکومت پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ عالمی سطح پر منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے ساتھ گٹھ جوڑ رکھتی ہے۔ گزشتہ ماہ، امریکی محکمہ خزانہ نے کارٹیل ڈی لوس سولیس کو خصوصی دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا، جس پر مبینہ طور پر **ٹرین دے آرگوا اور سینالوا کارٹیل** کی مدد کرنے کا الزام ہے۔