بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کوئی پاکستانی طیارہ نہیں گرا، بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے،فیک نیوز واچ ڈاگ

  — فیک نیوز واچ ڈاگ کی تازہ تحقیقاتی رپورٹ نے بھارتی ایئر فورس چیف کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت نے چھ پاکستانی طیارے مار گرائے تھے۔ رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ کسی حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ محض سیاسی بیان بازی کا شاخسانہ ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کو بھی “جعلی اور ناقص” قرار دیا گیا ہے۔ فیک نیوز واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی فضائی بیڑے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
بین الاقوامی ماہرین کی بھی تردید
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نہ صرف مقامی ماہرین بلکہ عالمی سطح پر بھی بھارتی دعوے کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ امریکی دفاعی ماہرین نے اس بیان کو غیر مصدقہ قرار دیا جبکہ چین کے ایک معروف دفاعی تجزیہ کار نے اسے “مزاحیہ دعویٰ” کہہ کر مسترد کر دیا۔
دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے سرکاری بیانات میں بھی “آپریشن سندور” کے دوران کسی پاکستانی طیارے کے گرنے کا ذکر نہیں ملتا۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت کا یہ دعویٰ دراصل اندرونی سیاسی دباؤ سے توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش 
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے جھوٹے بیانیے نہ صرف بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ پورے خطے میں کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں۔ رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ اطلاعات سے اجتناب برتنا خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔