بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف نے ماسکو میں ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، حالانکہ بھارت کو روسی تیل کی خریداری پر امریکا کی جانب سے بلند ترین ٹیرف کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اگر بھارت نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھی تو آئندہ ہفتے سے امریکا 50 فیصد اضافی ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔ اس دباؤ کے باوجود جے شنکر نے ماسکو کا دورہ کیا اور روسی قیادت سے ملاقات کی۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت چاہتے ہیں، جن میں روس کے مشرق بعید اور آرکٹک شیلف کے منصوبے شامل ہیں۔
جے شنکر نے کہا کہ بھارت اور روس نے تجارت کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کے مطابق، تجارتی رکاوٹوں اور ریگولیٹری مسائل کو دور کرنا ضروری ہے تاکہ تعاون میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت روس کو دوا سازی، زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں برآمدات بڑھا رہا ہے۔
بلند امریکی ٹیرف کے باوجود بھارت اور روس میں تجارت بڑھانے پر اتفاق








