تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ ایران یورپ کے ساتھ جوہری مذاکرات جاری رکھے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے بتایا کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران فریقین نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ طے پایا ہے کہ اگلے ہفتے جمعہ کے روز یہ مذاکرات ایک بار پھر آغاز ہوں گے۔
جرمن وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ یورپی وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ اگر ایران نے یورینیم افزودگی روکنے کے حوالے سے کسی معاہدے پر اتفاق نہ کیا تو اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی جائیں گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پرامن مقاصد کے لیے مذاکرات جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں یورپی ممالک کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھائے گا۔









