بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آج بھی میرا خاندان مجھے اداکارہ تسلیم نہیں کرتا،شائستہ جبین

پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے خاندان کا شوبز سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، اور آج تک ان کے اپنے ہی گھر والے انہیں بطور اداکارہ قبول نہیں کرتے۔

اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام ’مذاق رات‘ میں گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کے والد بچپن میں ہی انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد بطور بڑے فرد ان پر گھر کی ذمہ داریاں آگئیں۔ یہی وجہ تھی کہ وہ اپنی ذاتی زندگی اور خواہشات کے بارے میں زیادہ سوچ ہی نہ سکیں۔

شائستہ جبین نے بتایا کہ زمانہ طالب علمی میں جب وہ کالج کے ساتھ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے دورے پر گئیں تو پروڈیوسر یاور حیات نے ان کی خوبصورتی دیکھ کر ڈراموں کی پیشکش کی، مگر انہوں نے خاندان کی قدامت پسند سوچ کی وجہ سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی اصل خواہش نیوز کاسٹر بننے کی تھی لیکن قسمت نے انہیں اداکاری کے میدان میں لے آیا۔ انہوں نے ڈراموں کے ساتھ ساتھ تھیٹر اور اسٹیج پر بھی کام کیا۔

ایک سوال کے جواب میں شائستہ جبین نے کہا کہ ان کی زندگی ذمہ داریوں میں اس قدر الجھی رہی کہ انہیں محبت یا رومانوی رشتوں کے بارے میں کبھی سوچنے کا موقع ہی نہ ملا۔ ان کے مطابق شوبز میں ہونے کی وجہ سے بھی لوگ ان کے بارے میں یہ تاثر لیتے تھے کہ وہ بہت آزاد خیال ہیں، حالانکہ ایسا بالکل نہیں تھا۔

اداکارہ نے معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی کام کرنے والی خواتین کے بارے میں غلط خیالات پائے جاتے ہیں۔ اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایسی خواتین کے “چکر یا معاشقے” ہوتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان میں آج تک کوئی شوبز سے وابستہ نہیں ہوا اور نہ مستقبل میں ہوگا۔ اسی لیے ان کے رشتے دار آج بھی انہیں بطور اداکارہ تسلیم نہیں کرتے کیونکہ ان کا خاندان بہت زیادہ رجعت پسند ہے۔