بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان آئیڈل 11 سال بعد نئی شان کے ساتھ واپسی کے لیے تیار

کراچی (شوبز ڈیسک) ملک کا سب سے بڑا اور مقبول ترین موسیقی کا مقابلہ “پاکستان آئیڈل” ایک دہائی سے زائد عرصے بعد دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔ شائقینِ موسیقی اس کم بیک کو پاکستان کے شوبز اور ٹی وی کی دنیا کا بڑا ایونٹ قرار دے رہے ہیں۔

پروگرام میں نوجوان گلوکاروں کو اپنی آواز کے جوہر دکھانے اور شناخت بنانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس بار ججز کے پینل کو بھی غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے، جن میں عالمی شہرت یافتہ قوال و گلوکار راحت فتح علی خان، نامور میوزک پروڈیوسر و گیت نگار بلال مقصود، مقبول گلوکارہ زیب النسا بنگش اور فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار فواد خان شامل ہیں۔

آڈیشنز کا سلسلہ سکھر سے شروع ہوا، اس کے بعد ملتان اور لاہور میں منعقد ہوئے۔ اس وقت آڈیشنز راولپنڈی اور اسلام آباد میں جاری ہیں جبکہ اگلا بڑا مرحلہ کراچی میں طے پائے گا۔

پروڈکشن کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ نیا سیزن اپنی وسعت اور رسائی کے اعتبار سے پہلے تمام سیزنز سے منفرد ہوگا۔ یہ شو اب صرف ایک چینل تک محدود نہیں رہے گا بلکہ بیک وقت پانچ بڑے چینلز پر نشر ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مقابلے کا حصہ بن سکیں۔

یاد رہے کہ “پاکستان آئیڈل” پہلی بار 2013 میں نشر ہوا تھا، جب اس نے نوجوانوں میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ ہزاروں نے آڈیشن دیے اور لاکھوں افراد نے ٹی وی اسکرینز پر اس مقابلے کو شوق سے دیکھا۔ اُس وقت ججز میں علی عظمت، بشریٰ انصاری اور حدیقہ کیانی شامل تھے جبکہ لاہور کے ایک نوجوان گلوکار کی جیت نے شو کو یادگار بنا دیا تھا۔

اداکاروں اور میوزک ماہرین کا ماننا ہے کہ نئے سیزن کی واپسی صرف ایک شو کا کم بیک نہیں بلکہ پاکستان کے میوزک انڈسٹری کے لیے نئی نسل کے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کا ایک بڑا موقع ہے۔