نئی دہلی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے ہاتھوں معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارتی فوجی قیادت میں تقسیم اور اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ جنگی حکمت عملی کی ناکامی کے بعد تینوں بھارتی افواج کے درمیان تھیٹرائزیشن منصوبے کے حوالے سے طاقت کی کشمکش مزید تیز ہو گئی ہے۔
بھارتی جریدے دی اکنامک ٹائمز کے مطابق ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ تھیٹرائزیشن منصوبے کو جلد بازی میں نافذ کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ہر چیز میں خلل ڈال کر نیا ڈھانچہ کھڑا کرنا درست نہیں ہوگا۔ بھارت کو کسی دوسرے ملک کے ماڈل سے متاثر ہو کر یہ قدم نہیں اٹھانا چاہیے، ہر ملک کی اپنی ضروریات ہوتی ہیں۔
ایئر چیف کے مطابق دہلی میں مشترکہ منصوبہ بندی اور رابطہ کاری مرکز قائم کرنا زیادہ مؤثر ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے پر کسی دباؤ میں آئے بغیر اعلیٰ سطح پر ہم آہنگی اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
مودی سرکار کے متنازع تھیٹرائزیشن منصوبے نے بھارتی افواج کے اندر نئے تضادات کو جنم دے دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی سیاسی مداخلت نے بھارتی فوج کو پیشہ ورانہ بنیادوں سے دور کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں قیادت میں اختلافات مزید گہرے ہو رہے ہیں









