بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فرحان سعید اور کنزا ہاشمی کی نئی جوڑی کو ناظرین نے مسترد کردیا

کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار فرحان سعید اور کنزا ہاشمی کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’’لڈو‘‘ کے اعلان پر مداحوں نے سخت ردعمل دیا ہے۔ دونوں فنکار اس سے قبل ڈرامہ ’’شیریں فرہاد‘‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے جو کامیابی حاصل نہ کرسکا۔

فرحان سعید نے ڈراموں ’’اُڈاری‘‘، ’’میرے ہمسفر‘‘ اور ’’سنو چندا‘‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی، مگر حالیہ عرصے میں ان کی کارکردگی متاثر کن ثابت نہیں ہو رہی۔ ان کے چاہنے والے ان سے بہتر منصوبوں کی توقع رکھتے ہیں۔

کنزا ہاشمی نے ’’خوشبو میں بسے خط‘‘ اور ’’شیریں فرہاد‘‘ جیسے ڈراموں میں اپنے فن کا لوہا منوایا اور اپنی شخصیت سے مداحوں کو متاثر کیا ہے۔

فلم ’’لڈو‘‘ کی کہانی ابو علیحہ اور علی معین نے تحریر کی ہے، جب کہ ہدایت کاری ابو علیحہ کریں گے۔ فلم میں کراچی کے حقیقی پس منظر کو دکھایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ناظرین نے اس جوڑی کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ صارفین کے مطابق ’’شیریں فرہاد‘‘ کے بعد یہ تجربہ کامیاب نہیں ہوگا۔ کچھ مداحوں نے کہا کہ فرحان سعید کو نئی ہیروئن کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ ان کی اسکرین پر کیمسٹری بہتر نظر آئے۔

فلمی حلقے اس بات پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ ’’لڈو‘‘ مداحوں کے خدشات کو دور کرنے میں کامیاب ہوگی یا نہیں۔