نیویارک: مشہور ٹک ٹاک اسٹار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نتاشا ایلن 28 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ تین برس سے سائنوویئل سارکوما جیسے مہلک مرض سے لڑ رہی تھیں۔
نتاشا کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر دیتے ہوئے لکھا کہ “نتاشا ایک خوبصورت روح تھی جس نے اپنی محبت، خوشی اور ہمت سے بے شمار دلوں کو متاثر کیا۔ وہ کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے ایک بڑی مثال تھی اور اس کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔”
سال 2020 میں ڈاکٹروں نے ان کے گھٹنے میں مہلک رسولی کی تشخیص کی تھی جو بعد ازاں بڑھتے بڑھتے اسٹیج فور کینسر میں بدل گئی۔ اس مرض میں زندہ رہنے کے امکانات صرف 15 فیصد تھے۔
نتاشا نے بیماری کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنے سفر کو سوشل میڈیا پر دستاویزی انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کینسر سے متعلق آگاہی مہم بھی جاری رکھی تاکہ دیگر افراد کو بروقت رہنمائی اور حوصلہ مل سکے۔









