بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈکی بھائی نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کو چیلنج کردیا، یوٹیوبرز کو طلبی نوٹس جاری

لاہور (ویب ڈیسک)معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے جوا ایپس کیس میں جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے خلاف اپیل دائر کردی۔

ڈکی بھائی نے لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سیشن کورٹ سے رجوع کیا۔ ہفتے کو ان کے وکیل کے ذریعے جمع کرائی گئی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مجسٹریٹ نے حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر ریمانڈ میں توسیع کی، اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے اپیل کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کو نوٹس جاری کردیا اور پیر تک جواب طلب کرلیا۔

دوسری جانب عدالت نے ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 15 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کو حکم دیا کہ اس دوران انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے اگلی سماعت پر تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ادھر این سی سی آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مزید یوٹیوبرز اور انفلوئنسرز کو بھی طلب کرلیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مدثر حسن، محمد انس علی، اقرا کنول اور محمد حسنین شاہ کو 2 ستمبر 2025 کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تحقیقات کاروں کے مطابق ان انفلوئنسرز پر الزام ہے کہ انہوں نے غیرقانونی آن لائن بیٹنگ ایپس کی تشہیر کی، سوشل میڈیا کے ذریعے ان پلیٹ فارمز کو پرکشش انداز میں پیش کیا اور عوام کو گمراہ کیا۔