کراچی (شوبز ڈیسک)اداکارہ اور ٹی وی میزبان صنم جنگ نے کہا ہے کہ انگریزوں کی جانب سے تعریف سن کر خوشی محسوس ہوتی ہے لیکن پاکستانیوں کی تعریف سن کر وہ اکثر برا مان جاتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’’ہنسنا منع ہے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صنم جنگ نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مارننگ شوز کی میزبانی کے دوران اگر کبھی غلطی ہو جاتی تھی تو وہ فوراً تسلیم کر لیتیں کیونکہ لائیو پروگرام میں غلطی ماننا ہی بہتر ہوتا ہے تاکہ سلسلہ رکے بغیر آگے بڑھ سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے مارننگ شو کے زمانے میں بیشتر چینلز شادیوں پر مبنی پروگرام نشر کر رہے تھے، اس لیے انہیں بھی رضامندی نہ ہونے کے باوجود اسی نوعیت کے پروگرام کرنے پڑے کیونکہ ایسے پروگرامز کو زیادہ ریٹنگز ملتی تھیں۔
صنم جنگ نے اپنے نام کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکر بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ ایسے گانے گنگناتے تھے جن میں لفظ ’’صنم‘‘ آتا تھا، جیسے ’’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم‘‘، جس پر انہیں پریشانی ہوتی تھی کہ یہ محض گنگنایا جا رہا ہے یا انہیں تنگ کرنے کے لیے گایا جا رہا ہے۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ بیرون ملک انگریزوں کی جانب سے کی جانے والی تعریف پر برا نہیں لگتا کیونکہ وہاں کی ثقافت میں دوسروں کی تعریف کرنا عام بات ہے۔ لیکن جب پاکستانی تعریف کرتے ہیں تو انہیں عجیب محسوس ہوتا ہے کیونکہ مقامی معاشرے میں یہ رجحان عام نہیں ہے۔









