بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قبرستان جانا مجھے سکون دیتا ہے، اصل خوف زندہ انسانوں سے ہے،ساحرلودھی

کراچی (شوبز ڈیسک) میزبان و اداکار ساحر لودھی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اکثر رات گئے قبرستان جاتے ہیں اور وہاں انہیں روحانی سکون ملتا ہے۔

’میٹاٹینمنٹ‘ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ساحر لودھی نے بتایا کہ وہ عموماً ملیر کینٹ کے قبرستان کا رخ کرتے ہیں جہاں ان کے 32 سال پرانے دوست کی قبر ہے۔ وہ دوست کے جنازے میں شریک ہوئے تھے اور خود انہیں قبر میں اتارنے والوں میں شامل تھے۔

ساحر لودھی کے مطابق وہ زیادہ تر رات دو سے چار بجے کے درمیان قبرستان جاتے ہیں اور دوست کی قبر پر فاتحہ پڑھتے ہیں۔ اس عمل سے انہیں ذہنی سکون اور قربت کا احساس ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنی پرانی دوستی کا ختم ہونا بڑا دکھ دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دوست کی تصویر اب بھی ان کے کمرے میں موجود ہے۔

ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ انہیں قبرستان سے کبھی خوف محسوس نہیں ہوا۔ ان کے خیال میں اصل خوف زندہ انسانوں سے ہوتا ہے کیونکہ نقصان بھی وہی پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھوت یا جنات سے ڈرنے کے بجائے ہمیں ان مسائل سے ڈرنا چاہیے جو انسان پیدا کرتے ہیں، جیسے مہنگائی، ٹیکس اور نظام کی خرابیاں۔

اپنی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ دن بھر کاموں میں الجھے رہتے ہیں، اسی لیے قبرستان جانے کا وقت انہیں صرف رات کو ہی ملتا ہے۔ ان کے بقول ان کی زندگی اس قدر منظم ہے کہ دو ماہ بعد تک کا شیڈول بھی پہلے سے تیار رکھتے ہیں۔