اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے معروف ننھے یوٹیوبرز محمد شیراز اور مسکان نے اپنی سوشل میڈیا آمدنی کو مثبت مقصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے اپنے گاؤں کے پرانے اسکول کو جدید تعلیمی ادارے میں تبدیل کر دیا ہے۔
شیراز کے والد نے کچھ عرصہ قبل ایک ویڈیو کے ذریعے اسکول کی خستہ حالی دنیا کے سامنے رکھی تھی، جہاں بچے کھلے آسمان تلے، بغیر میز اور کرسی کے، سیڑھیوں پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور تھے۔ ان بچوں کے پاس نہ مناسب لباس تھا، نہ جوتے اور نہ ہی بنیادی سہولیات۔
اب شیرازی فیملی نے یوٹیوب سے حاصل ہونے والی کمائی سے گاؤں میں ایک نیا اسکول تعمیر کر دیا ہے جس میں کشادہ کلاس رومز، معیاری تعلیمی سہولیات، تفریحی سرگرمیوں کا انتظام اور ایک محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے۔
حالیہ ویڈیو میں شیراز نے کہا کہ یوٹیوبرز اگر محنت اور نیک نیتی سے کام کریں تو اپنی آمدنی کو معاشرے کی خدمت کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ننھے شیراز اور مسکان کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے تبصروں میں اس خاندان کو پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔









