سوشل میڈیا پر سرگرم ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اور حسن زاہد کے درمیان باہمی صلح ہو گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں زیر سماعت کیس میں، عدالت نے ملزم حسن زاہد کی ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، جبکہ سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
ملزم حسن زاہد کی جانب سے عدالت میں دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جو جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی عدالت میں جمع کرائی گئیں۔ تاہم، مدعیہ سامعہ حجاب آج عدالت میں پیش نہ ہو سکیں، جس کے باعث درخواستوں پر باقاعدہ سماعت نہ ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سامعہ حجاب اور حسن زاہد کے درمیان صلح ہو چکی ہے، اور سامعہ حجاب جلد عدالت میں اپنا بیانِ حلفی اور صلح نامہ جمع کروائیں گی۔ تاہم، سماعت نہ ہونے کی وجہ سے آج یہ کارروائی مکمل نہ ہو سکی۔واضح رہے کہ حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار میں اغوا، دھمکیاں اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج انہوں نے خود انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔ سامعہ نے ملزم کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ کئی روز سے انہیں ہراساں کر رہا ہے اور شادی کی ضد کر رہا ہے۔
سامعہ حجاب نے اپنے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ “میری ایک دوست، ثنا یوسف، ایک ‘نہ کی قیمت اپنی جان سے چکا چکی ہے۔ میری پولیس اور دیگر حکام سے اپیل ہے کہ میری مدد کی جائے، کیونکہ میری جان کو خطرہ ہے۔اب جبکہ فریقین کے درمیان صلح کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، یہ دیکھنا باقی ہے کہ عدالت آئندہ سماعت پر کیا فیصلہ سناتی ہے۔
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اور حسن زاہد کے درمیان صلح








