اسٹیٹ بینک نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ملکی معیشت کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں کے نتیجے میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق توانائی کے شعبے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہوئی، ستمبر 2025 میں اس شعبے میں 87 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔
مالیاتی خدمات اور خوراک کے شعبوں میں بالترتیب 66.58 اور 25.3 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری موصول ہوئی، جس کے بعد ستمبر 2025 کے دوران پاکستان میں کل غیر ملکی سرمایہ کاری 185.62 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں توانائی کا شعبہ 3.244 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا۔
ماہرین کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ عالمی سطح پر پاکستان پر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری صنعتی ترقی کو فروغ دے گی اور اقتصادی استحکام کو ممکن بنائے گی۔ ایس آئی ایف سی کے اقدامات اور پالیسی اصلاحات سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔









