بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

روس کی پاکستان-افغانستان میں ثالثی کی پیشکش، خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار

روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم سفارتی پیشکش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں استحکام روس کی اولین ترجیح ہے، اور اسلام آباد اور کابل کے درمیان تناؤ نہ صرف روس بلکہ پوری عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔
ماریہ زخارووا نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ سرحدی کشیدگی خطے کے امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی واحد ڈھنگ ہے جو اس مسئلے کا دیرپا اور مؤثر حل فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ روس پاکستان اور افغانستان، دونوں کو اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور وہ ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کئی دور کے مذاکرات ہو چکے ہیں۔ دوحہ مذاکرات کے نتیجے میں عارضی جنگ بندی بھی ہوئی تھی، تاہم استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں کوئی قابلِ ذکر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
ترک صدر نے آذربائیجان میں حالیہ بیان میں کہا تھا کہ وہ پاک-افغان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اپنا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجیں گے۔ ادھر ایران کے وزیرِ خارجہ نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کرکے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور ثالثی کی پیشکش کی۔