ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے ایف سی ہیڈکوارٹر سوئی میں ایک کھلی کچہری کا اہتمام کیا، جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی، مقامی انتظامیہ اور علاقے کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
کچہری میں عوامی مسائل کے حل، علاقے میں امن برقرار رکھنے، ترقیاتی عمل میں تیزی لانے اور فلاح و بہبود کے اقدامات کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا راستہ امن، یکجہتی اور عوامی تعاون سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور اب وقت ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر دشمن قوتوں کی سازشوں کو مکمل طور پر ناکام بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے قبائلی عمائدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
کچہری میں شریک قبائلی عمائدین نے کھلی کچہری کے انعقاد کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں اپنے مسائل براہِ راست متعلقہ حکام کے سامنے رکھنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی ایف سی نے زیادہ تر مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ عمائدین نے کہا کہ ایف سی نے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، جسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس دوران تعلیم، صحت، ڈیرہ بگٹی کشمور روڈ کی حالتِ زار، اور دیگر سیکیورٹی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت، سیکیورٹی اداروں، انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے سوئی ہیڈکوارٹر میں کھلی کچہری کا انعقاد








