بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میاں اسلم اقبال سمیت مقدمے کے 12 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دورانِ ٹرائل، 24 ملزمان کے خلاف 37 گواہان کی شہادت ریکارڈ کرائی گئی اور تھانہ نصیر آباد نے 36 ملزمان کا چالان جمع کرایا تھا۔
عدالت نے بتایا کہ اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں مراد سعید، زبیر نیازی، علی حسن نواز، شبیر حسین، عزیز الرحمان، ظریف خان، صیاد خان، محمد جاوید، عبدالصمد، حماد اظہر اور واثق قیوم شامل ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا اس مقدمے میں چالان ابھی جمع نہیں ہوا، تاہم سپلیمنٹری چالان آنے پر ان کا ٹرائل دوسرے مرحلے میں ہوگا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان پر بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کے الزامات تھے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثرعمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقدمات کی کارروائی کے دوران انہیں مکمل دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، اور رات کے اندھیرے میں ایک بار پھر سزائیں سنائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں کے حوصلے بلند ہیں اور اب تک لیڈران کو مجموعی طور پر 200 سال سے زائد کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔ وکیل نے اعلان کیا کہ یہ سزائیں اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کی جائیں گی۔