پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قاتلوں اور دہشت گردوں کے لیے آج کا جلسہ سب سے بڑا جواب ہے۔ یہ موقع پاکستان اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کا ہے، جو گڑھی خدا بخش میں منائی جا رہی ہے۔
جلسے کے لیے 20 ایکڑ پر مرکزی پنڈال تیار کیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے لیے ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ برسی کی تقریب میں شامل کارکنوں اور جیالوں کے لیے بریانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
تقریب میں قومی اسمبلی اسپیکر سردار ایاز صادق کی قیادت میں حکومتی وفد نے بھی شرکت کی، جنہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں طویل مدت تک سیاسی میدان میں فعال رہنے کے عزم کے حامل ہیں۔
مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ سیاسی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، جبکہ بانی تحریک انصاف سیاسی مذاکرات کی حمایت میں نہیں تھے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کے لیے بھرپور جدوجہد کی اور ان کی زندگی نوجوانوں کے لیے پیغام ہے کہ انصاف کے لیے پُرامن طریقے سے آواز اٹھائیں اور نفرت کے بجائے اتحاد کا راستہ اپنائیں۔
بلاول بھٹو نے شہید بے نظیر بھٹو کے مشن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 27 دسمبر ہمارا اجتماعی سوگ، غور و فکر اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔ پیپلز پارٹی سماجی و معاشی انصاف، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔









